مقامی آٹو سیکٹر کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت ہر طرح سے تعاون کر رہی ہے،رانا احسان افضیل

منگل 19 اگست 2025 22:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل خان نے کہا ہے کہ مقامی آٹو سیکٹر کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت ہر طرح سے تعاون کر رہی ہے، مشاورت کے لیے حکومت کے دروازے کھلے ہیں۔ منگل کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں آٹو پارٹس مینوفیکچررز سمٹ 2025 سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حکومت ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے ذریعے ملک کو پائیدار ترقی کی جانب گامزن کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی لبرلائزیشن، مالیاتی نظم و ضبط اور نجکاری طویل مدتی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات، روزگار کی تخلیق اور صنعتی ترقی میں آٹو موٹیو سیکٹر کا نہایت اہم کردار ہے۔ رانا احسان افضل نے شرکا کو یقین دلایا کہ ان کے جائز خدشات کو دور کیا جائے گا۔ انہوں نے صنعتی بنیادوں کو وسعت دینے، برآمدی مسابقت کو بڑھانے اور عالمی معیشت میں پاکستان کے موقف کو مضبوط کرنے والی پالیسیوں کی تشکیل کے لیے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی تعاون کا وعدہ بھی کیا۔