ایس ایس پی آپریشنز کی اسلام آباد رئیل اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات

منگل 19 اگست 2025 22:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)ایس ایس پی آپریشنز اسلام آ باد محمد شعیب خان نے اسلام آباد رئیل اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کی،ایس ایس پی آپریشنز اسلام آ باد نے وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کے تحفظ اور جائیداد سے متعلق معاملات پروفد کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی،پولیس اور رئیل اسٹیٹ ایجنٹس کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا غیر قانونی لین دین کی فوری اطلاع پولیس کو دینے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سینئر سپرٹینڈنٹ آف پولیس آپریشنز اسلام آباد محمد شعیب خان نے اسلام آباد رئیل اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کی، جس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال، شہریوں کے تحفظ اور جائیداد سے متعلق معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی،ملاقات کے دوران زمینوں پر قبضہ مافیا، جائیداد کی خرید و فروخت اور کرایہ داری کے دوران دھوکہ دہی اور گھروں کے کرایہ پر دینے کے حوالے سے بڑھتے ہوئے سکیورٹی خدشات زیرِ بحث آئے، ایس ایس پی آپریشنز اسلام آ باد نے رئیل اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے ساتھ اس بات پر زور دیا کہ غیر مقامی کرایہ داروں کے مکمل کوائف کی تصدیق اور کرایہ داری کی باقاعدہ رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی قسم کے جرم یا ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے،انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور رئیل اسٹیٹ ایجنٹس کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا غیر قانونی لین دین کی فوری اطلاع پولیس کو دی جائے،ایس ایس پی آپریشنز اسلام آ بادنے ریل اسٹیٹ ایجنٹس کی ذمہ داریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور اس میں تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :