چیئرمین محمد افضل کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط و استحقاقات کا اجلاس

منگل 19 اگست 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط و استحقاقات کا اجلاس چیئرمین محمد افضل کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس نے رکن قومی اسمبلی رانا محمد قاسم نون کی زیر صدارت قائم کردہ ذیلی کمیٹی کی سفارشات کو منظور کر لیا۔ یہ رپورٹ رکن قومی اسمبلی میر غلام علی تالپور نے پیش کی جنہوں نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ ذیلی کمیٹی نے اصولی طور پر اتفاق کیا اور متفقہ طور پر سفارش کی کہ قواعد و ضوابط و ضابطہ کار قومی اسمبلی 2007 کے قاعدہ 119 میں مشروط طور پر شامل کی جائے۔

پارلیمانی قائد آئینی ترمیم پیش کر سکتا ہے اور کل ارکان کی کم از کم دسویں تعداد اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر اس ترمیم کے پیش کیے جانے کی اجازت دے گی۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے رکن قومی اسمبلی ذوالفقار بچانی کے والد کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ کمیٹی نے رکن قومی اسمبلی سبین غوری کی جانب سے اسلام آباد پولیس کے افسر کے خلاف اٹھائے گئے استحقاق کے سوال پر غور کیا۔

مشاورت کے بعد کمیٹی نے اسلام آباد پولیس کو ہدایت کی کہ جاری انکوائری مکمل کر کے آئندہ اجلاس میں رپورٹ پیش کی جائے۔کمیٹی نے رکن قومی اسمبلی سید رفیع اللہ کی جانب سے ضابطہ کار 2007 کے قاعدہ 2، 247، نئے قاعدہ 39B کی شمولیت اور قاعدہ 43 کی ذیلی شق (4) میں تجویز کردہ ترامیم کو موخر کر دیا۔اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی ناصر اقبال بوسال، اظہر قیوم ناہرا، وسیم قادر، سردار محمد یعقوب خان ناصر، میر خان محمد جمالی، پیر سید فضل علی شاہ جیلانی، ذوالفقار بچانی، میر غلام علی تالپور، شگفتہ جمانی، رمیش لال، علی خان جدون، غلام محمد، ملک محمد عامر ڈوگر، چودھری نصیر احمد عباس (ویڈیو لنک کے ذریعے)، خواجہ اظہار الحسن (ویڈیو لنک کے ذریعے)، سید رفیع اللہ (ویڈیو لنک کے ذریعے) اور سبین غوری نے بھی اجلاس میں شرکت کی جبکہ وزارت پارلیمانی امور، قانون و انصاف اور داخلہ کے سینئر افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔