Live Updates

ملکہ کوہسار مری میں مون سون بارش کا سلسلہ جاری

منگل 19 اگست 2025 21:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) ملکہ کوہسار مری میں منگل کو مون سون بارش کا سلسلہ جاری رہا اور مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے راستے کلئیر کرانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے مری اور گردونواح میں مزید بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے۔ مری اسلام آباد ایکسپریس وے پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

سڑک کے متاثرہ حصے کو ہر طرح کی ٹریفک کےلیے بند کر دیا گیا مگر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے متاثرہ علاقے سے ایک لائن کو کھلا رکھا گیا ہے۔ ڈی سی مری کی ہدایت پر متعلقہ اداروں کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مری اسلام آباد ایکسپریس وے جلد ٹریفک کے لیے مکمل طور پر کھول دی جائے گی۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باوجود ٹریفک کی روانی برقرار ہے۔ عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور انتظامیہ کا ساتھ دیں۔بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔عوام کا تحفظ اولین ترجیح ہے جس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات