قدرت نے بلوچستان کی سرزمین کو ہر قسم کی فصلوں کے لئے نہایت ہی مفید آب وہوااور موسم سے نوازا ہے ،ڈپٹی کمشنر خضدار

منگل 19 اگست 2025 22:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے کہا ہے کہ قدرت نے بلوچستان کی سرزمین کو ہر قسم کی فصلوں کے لئے نہایت ہی مفید آب وہوااور موسم سے نوازا ہے ، اس حوالے سے شعبہ زراعت میں فصلیں اور کاشت کاری کےوسیع تر مواقع موجود ہیں۔ محکمہ زراعت کےافسران پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ زمینداروں کی رہنمائی کریں تاکہ زراعت کا شعبہ مزید ترقی کرے ،زمیندار خوشحال ہوگا تو صوبہ خوشحال ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں محکمہ زراعت توسیعی کے دفتر میں کسان کارڈ کی اجراء کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع نادر مسیح نے ڈپٹی کمشنر خضدار کو کسان کارڈ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا عملہ ضلع کی تمام تحصیلوں میں زمینداروں سے ان کے زرعی زمینوں کے کاغذات وصول کرینگے اور ریونیو رکارڈ سے تصدیق کے بعد ہمارے حوالے کرینگے ۔

(جاری ہے)

نادر مسیح نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ زمیندار پہلے اپنی رجسٹریشن کروائیں اس کے بعد مجوزہ دستاویز ہمیں فراہم کریں تاکہ ہم انہیں حکام تک پہنچائیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے کسان کارڈ کے حامل زمینداروں کو صوبائی حکومت کی جانب سے خصوصی مراعات حاصل ہوں گی ۔ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے کہا کہ آپ سب کی ذمہ داری ہے کہ زیادہ سے زیادہ زمینداروں کی رجسٹریشن کریں اور محکمانہ قوائدو ضوابط کے تحت کسان کارڈ منصوبے میں شامل کریں تاکہ زمینداروں کو حکومتی سکیم سے فائدہ ملے ۔انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ کے اجراء کا مقصد بھی یہی ہے کہ زمینداروں کو حکومتی مراعات ملیں اور کسان خوشحال ہوں ۔

متعلقہ عنوان :