پاک افغان سرحد پر کشیدگی، افغانستان کی بلااشتعال فائرنگ پر پاک فوج کا بھرپور جواب

پاک فوج نے متعدد بارڈر پوسٹیں تباہ اور درجنوں افغان فوجی اور خارجی ہلاک کردیئے، طالبان اپنی متعدد پوسٹیں اور لاشیں چھوڑ کر بھاگ ہوگئے، خارجیوں کو نشانہ بنانے کیلئے فضائی وسائل اور ڈرونز کا بھی استعمال کیا گیا، سکیورٹی ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 12 اکتوبر 2025 00:06

پاک افغان سرحد پر کشیدگی، افغانستان کی بلااشتعال فائرنگ پر پاک فوج ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 11 اکتوبر 2025ء ) سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد پر افغانستان کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ کردی گئی۔ پاک فوج کی جانب سے تیزی کے ساتھ بھرپور اور شدید جواب دیا گیا۔ اے آروائی نیوز کے مطابق پاک فوج نے افغانی فورسز کی فائرنگ کا فوری شدید جوابی ردعمل دیتے ہوئے متعدد افغانی پوسٹوں کو مئوثر طریقے سے نشانہ بنایا اور  افغانستان کی متعدد بارڈر پوسٹیں تباہ کردیں، درجنوں افغان فوجی اور خارجی بھی ہلاک کردیئے گئے۔

طالبان اپنی متعدد پوسٹیں اور لاشیں بکھری ہوئی چھوڑ کر بھاگ گئے۔ بلااشتعال فائرنگ انگوراڈا، باجوڑ، کرم ، بارام، چاہ بلوچستان کے مقامات پر کی گئی۔ فائرنگ کا مقصد خوارج کی تشکیلوں کو بارڈر پار کرانا بھی تھا۔

(جاری ہے)

پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر خواج اور داعش کے کیمپوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ پاکستان نے بلوچستان میں برامچا سیکٹر میں افغانی شہیدان پوسٹ بھی تباہ کردی ہے۔

پاک سکیورٹی فورسز کی جانب سے داعش اور خارجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کیلئے فضائی وسائل اور ڈرونز کا بھی استعمال کیا گیا ہے، پاک فوج کی جانب سے افغان فورسز کے ان ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جو داعش اور فتنہ الخوارج کو پناہ دیتے رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ افغان فورسز کئی علاقوں میں پسپائی اختیار کرچکی ہیں۔ افغانستان کی جانب سے جارحیت اس وقت کی جارہی ہے جب افغان وزیرخارجہ ہندوستان کے دورے پر ہے۔

اس سے قبل وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اللہ نہ کرے افغانستان کے ساتھ اتنا بگاڑ پیدا ہوکہ تلخی اور کشیدگی میں مزید اضافہ ہو،خصوصا دہشتگردی کے حوالے سے تعلقات بہتر ہوں جو ہماری شکایات ہیں وہ دور کریں۔ایک انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری سرزمین پر روازنہ وائیلیشن ہوتیں رہے، ہماری افواج ہماری سویلین پر حملے ہوں، ہم روزانہ جنازے اٹھائیں روازنہ شہادتیں ہوں، اور وہ اس پر کوئی ایکشن نہ لیں تو یہ ہمسائیوں والی بات نہیں،اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو زیادہ بگاڑ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس چیز کو اٹھا رہے ہیں کہ افغان سر زمین سے پاکستان میں دہشت گردی کی جا رہی ہے، ہماری زمین کی حرمت کا وہ پاس کریں اور ہم انکی حرمت کا خیال رکھیں گے، ہر ریاست اپنے تعلقات رکھتی ہے ہمیں اس پر اعتراض نہیں،لیکن ہمسایہ کے فرائض پورے کریں۔