انسداد دہشتگردی کی لاہور عدالت،شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ملتوی

بدھ 20 اگست 2025 17:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نو مئی کے واقعات میں جلائو گھیراو سمیت مختلف الزامات کے تحت درج چار مقدمات میں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت28 اگست تک ملتوی کردی ۔ عدالت کے جج منظر علی گل نے شاہ محمود قریشی کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی کی جانب سے رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔یہ مقدمات جناح ہائوس کے باہر جلائو گھیرائو، مغلپورہ اور زمان پارک کے باہر جلائو گھیرائو کے واقعات سے متعلق درج ہیں۔سماعت کے دوران پراسکیوشن نے موقف اپنایا کہ بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستوں کی وجہ سے مقدمات کا ریکارڈ اس وقت سپریم کورٹ میں موجود ہے جس کے باعث کارروائی آگے نہیں بڑھ سکی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر مقدمات کا ریکارڈ پیش کرنے اور وکلا کو دلائل کے لئے طلب کر لیا۔ عدالت نے مزید کارروائی 28 اگست تک ملتوی کر دی۔