دہلی میں ایک بارپھر اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں

بدھ 20 اگست 2025 17:22

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک بار پھر اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں جس سے طلباء ، والدین اورعملے میں افراتفری مچ گئی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں کہاگیا ہے کہ دہلی میں آج صبح ایک بار پھر کئی بڑے اسکولوں کو ای میلز کے ذریعے بم سے اڑانے کی دھمکیاں موصول ہوئیں جن میں دہلی پبلک اسکول، شری رام ورلڈ اسکول اور ماڈرن اسکول شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس نے اسکولوں کو خالی کراکے تلاشی کی کارروائی شروع کردی ہے۔رپورٹس کے مطابق دھمکی ملتے ہی پولیس بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ساتھ موقع پر پہنچ گئی اور تحقیقات شروع کردی۔ اس دوران اسکولوں کو خالی کرا کے طلبا کو واپس بھیج دیا گیا۔دہلی پولیس تازہ ترین ای میلز کی اصلیت کی چھان بین کر رہی ہے جبکہ سائبر کرائم یونٹس ای میل کرنے والوں کا پتہ لگانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔یاد رہے کچھ عرصہ قبل بھی مختلف اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں جس کے بعد اسکولوں کی تلاشی لی گی تھی تاہم تلاشی کے دوران کچھ نہیں ملاتھا۔