ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن رتی گلی، نیلم میں کیا گیا، ڈی جی SDMA

سرلی سچہ میں ملبے تلے دبے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی لاشوں کو 48 گھنٹے طویل آپریشن کے بعد نکالا گیا

بدھ 20 اگست 2025 17:22

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کی ہدایات کی روشنی میںقدرتی آفات کے تدارک، بروقت رسپانس میں بہتری اور اداروں کے مابین مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنانے کے لیے اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA) نے میرپور آزاد کشمیر میں تین روزہ Simulation Exercise کا انعقاد کیا۔ یہ سرگرمی ورلڈ فوڈ پروگرام، مسلم ہینڈز اور ظہیر احمد خواجہ میموریل فاؤنڈیشن کے تعاون سے منعقد کی گئی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل SDMA نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کی جغرافیائی و ماحولیاتی صورتحال اسے مختلف قدرتی آفات کا سامنا کرنے پر مجبور کرتی ہے، جن کے تدارک اور نقصانات میں کمی لانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشق کا بنیادی مقصد کسی بھی ہنگامی صورتحال میں رسپانس کو بروقت اور مؤثر بنانا اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مضبوط کرنا ہے۔

(جاری ہے)

شرکاء کی استعداد کار بڑھانے اور عملی مہارتوں کو جانچنے کے لیے اس مشق میں مختلف قدرتی آفات کے منظرنامے (Disaster Scenarios) تیار کر کے انہیں مختلف سِنڈیکیٹس میں تقسیم کیا گیا۔ ہر گروپ نے اپنے منظرنامے پر پریزنٹیشنز دیں جبکہ بعض مواقع پر عملی مشقیں بھی کروائی گئیں تاکہ حقیقی ایمرجنسی کی صورت میں مربوط حکمت عملی، تیز رسپانس اور بہتر فیصلہ سازی کو یقینی بنایا جا سکے۔

ڈائریکٹر جنرل SDMA نے حالیہ کلاؤڈ برسٹ نیلم، سرلی سچہ اور راولا کوٹ کے بعد کیے گئے ریسکیو آپریشنز کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن رتی گلی، نیلم میں کیا گیا، جہاں 800 سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ اسی طرح سرلی سچہ میں ملبے تلے دبے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی لاشوں کو 48 گھنٹے طویل آپریشن کے بعد نکالا گیا جبکہ پونچھ میں 1200 سے زائد افراد کو بحفاظت منتقل کیا گیا۔

یہ تمام اقدامات اداروں کے مابین مؤثر رابطہ کاری کی بہترین مثال ہیں۔واضح رہے کہ اس مشق میں آزاد کشمیر کے تمام اضلاع سے سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے افسران اور اہلکاران نے شرکت کی۔ آخر میں ڈائریکٹر جنرل SDMA نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور منتظمین کو کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کی ہدایات کے مطابق، ریاست کو قدرتی آفات سے نمٹنے، بہتر رسپانس فراہم کرنے اور اسے ایک محفوظ خطہ بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔