چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کو خراج عقیدت

بدھ 20 اگست 2025 17:35

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا پائلٹ آفیسر  راشد منہاس شہید کو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کے 54ویں یومِ شہادت پر انہیں زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید کی قربانی جرأت، ایمان اور ایثار کی ایسی شاندار مثال ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ پائلٹ آفیسر راشد منہاس نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر یہ ثابت کیا کہ وطنِ عزیز کی خودمختاری اور قومی وقار سب سے مقدم ہیں، ان کی عظیم شہادت نے پاکستانی قوم کو یہ پیغام دیا کہ وطن کی حفاظت کے لئے جان کی بازی لگانا سب سے اعلیٰ اعزاز ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ راشد منہاس کی بہادری اور استقامت نوجوان نسل کے لئے مشعلِ راہ ہے، انہوں نے ہتھیار ڈالنے کی بجائے اپنی جان قربان کر کے ایک لازوال مثال قائم کی جسے تاریخ کبھی فراموش نہیں کرسکے گی۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمنٹ اور پوری قوم اس جری سپوت کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے اور ہمیشہ ان کی یاد کو زندہ رکھے گی، راشد منہاس شہید کا نام تاریخ میں وفاداری، بہادری اور حب الوطنی کی علامت کے طور پر سنہری حروف میں لکھا جا چکا ہے۔