ڈی سی لاہور کا لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ لینے کیلئے تحصیل شالیمار کا دورہ

بدھ 20 اگست 2025 18:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ لینے کیلئے تحصیل شالیمار کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل،چیف آفیسر ایم سی ایل، اسسٹنٹ کمشنر شالیمار محمد ثاقب ترازی اور دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے لکشمی چوک، بھوگیوال روڈ اور گردونواح میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر شالیمار نے انہیں ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر سید موسی رضا نے اس موقع پر ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیاری کام اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے پیش نظر منصوبے پائیدار اور مضبوط ہونے چاہییں تاکہ ان کے ثمرات دیرپا رہ سکیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام شفاف انداز میں مکمل کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں ٹائم لائن، شفافیت اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبے بروقت اور شفافیت کے ساتھ مکمل کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہترین سہولیات میسر آ سکیں۔