کمشنرملتان کی زیرصدارت شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی تزئین و آرائش، انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن بارے اجلاس

بدھ 20 اگست 2025 19:19

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) کمشنر ملتان عامر کریم خاں کی زیر صدارت شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی تزئین و آرائش اور انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ شہر کے داخلی راستوں کو دلکش اور منفرد بنانے کے لیے جامع اقدامات شروع کیے جا رہے ہیں۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ قادر پورراں تا چوک کمہاراں والہ، شیر شاہ انٹرچینج تا گیلانی فلائی اوور سمیت مختلف شاہراہوں کی تزئین و آرائش پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایم ڈی اے 50 ملین روپے کی لاگت سے قادر پوراں تا چوک کمہاراں سڑک کو اپ گریڈ کرے گی، جبکہ ناگ شاہ تا گیلانی فلائی اوور روڈ کی تزئین و آرائش بھی اس منصوبے میں شامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ 10 کلومیٹر طویل اولڈ شجاع آباد روڈ پر اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی، جبکہ ناگ شاہ فلائی اوور کے اطراف تجاوزات ختم کرکے دیواروں پر فن پارے بنائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

کمشنر نے ہدایت کی کہ داخلی راستوں پر درخت اور پھول دار پودے لگائے جائیں اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی خصوصی صفائی کو یقینی بنائے۔اجلاس میں شہری سہولت کے لیے ٹریفک انفراسٹرکچر کی بہتری پر بھی زور دیا گیا۔ چونگی نمبر 9 اور سیداں والا بائی پاس پر جدید ڈیجیٹل ٹریفک سگنلز نصب کیے جا رہے ہیں، کلمہ چوک روڈ کو کشادہ کیا جا رہا ہے اور 20 ملین روپے کی لاگت سے ایک اضافی لین شامل کی گئی ہے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہائ پر قائم سکول کی بیرونی دیواروں پر تھری ڈی آرٹ ورک بنایا جائے گا، جبکہ خانیوال روڈ اور پرانا شجاع آباد روڈ کے میڈینز سے غیرضروری بورڈز ختم کیے جائیں گے۔ دکان مالکان کو ہدایت کی گئی کہ اپنی دکانوں کے باہر یکساں بورڈ اور پیومنٹس بنائیں۔ خانیوال روڈ تا سہو چوک پر پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 12 مقامات پر سبزہ زار قائم کیے جائیں گے۔کمشنر عامر کریم خاں نے واضح کیا کہ سنٹرل میڈین کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ناگ شاہ تا شیر شاہ انٹرچینج 3 کلومیٹر طویل سڑک پر 270 تیار درخت لگائے جائیں گے، جبکہ گیلانی فلائی اوور تا توکل ٹاؤن اور توکل ٹاؤن تا ناگ شاہ اسٹریٹ لائٹس نصب ہوں گی۔