ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کی زیر صدارت ڈینگی کے خاتمے کے حوالہ سے اجلاس

بدھ 20 اگست 2025 19:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ اور رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کی زیر صدارت ڈینگی کے خاتمے کے حوالہ سے ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس منعقد ہوا ۔ بدھ کو منعقدہ اجلاس میں سابق میئر سردار نسیم احمد، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان، رکن صوبائی اسمبلی ملک افتخار، سینئر رہنما حاجی پرویز خان سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن، تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور ایریا انچارج بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں ڈینگی لاروا کی موجودگی رپورٹ ہوئی ہے جبکہ سب سے زیادہ ڈینگی لاروا قبرستانوں سے ڈیٹیکٹ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عوامی نمائندوں پر زور دیا گیا ہےکہ وہ انسدادِ ڈینگی ٹیموں کے ساتھ مل کر خصوصاً قبرستانوں میں مؤثر اقدامات کو یقینی بنائیں۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے سی ای او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ انسدادِ ڈینگی کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور ناقص کارکردگی کے حامل افسران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سجاد احمد نے اب تک کی ڈینگی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام عوامی نمائندے اپنے اپنے علاقوں میں ڈینگی ٹیموں کی نگرانی کریں اور ان کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائیں تاکہ انسدادِ ڈینگی مہم کو کامیاب بنایا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کل دوبارہ صبح ساڑھے آٹھ بجے اجلاس منعقد ہوگاجس میں سی ای او ہیلتھ خود اپنی رپورٹ پیش کریں گے اور یونین کونسل وائز مؤثر اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔اجلاس میں عوام کو بھی ہدایت کی گئی کہ گھروں اور دفاتر میں پانی جمع نہ ہونے دیں، فالتو برتن، ٹائروں اور گملوں میں پانی خشک رکھیں، مچھر دانی اور مچھر مار اسپرے کا استعمال کریں اور کھڑکیوں و دروازوں پر جالی لگائیں۔ شہریوں سے کہا گیا کہ وہ انسدادِ ڈینگی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ڈینگی کے خطرے کا مکمل طور پر خاتمہ ممکن ہو سکے۔