پنجاب میں وائلڈ لائف کا آپریشن، متعددغیر قانونی شکاری گرفتار

بدھ 20 اگست 2025 21:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2025ء) سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثر ریاض ملک کی ہدایت پر صوبے بھر میں چیف وائلڈ لائف رینجر مبین الٰہی کی زیرِ قیادت غیر قانونی شکار، کاروبار اور قبضہ کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس دوران قصور، جھنگ، میانوالی، بھکر، اٹک، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور مظفر گڑھ میں کارروائی کرتے ہوئے بٹیر، طوطوں، تیتر اور گلابی تلیر کے غیر قانونی شکار اور قبضہ میں ملوث 15 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ان کے قبضہ سے 50 زندہ بٹیر، 8 طوطے اور ایک کالا تیتر برآمد ہوئے جبکہ 9 ملزمان کو مجموعی طور پر 3 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ کیا گیا۔ ضبط شدہ تمام پرندے عدالت کے حکم پر قدرتی ماحول میں آزاد کردیے گئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق، لاہور ریجن کے ضلع قصور میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر مس زوہا نے کارروائی کے دوران ایک شخص کے غیر قانونی قبضہ سے 3 را طوطے، 5 کاٹھے طوطے اور ایک پنجرہ برآمد کیا۔

عدالت نے ملزم کو 50 ہزار روپے جرمانہ کر کے پرندے آزاد کرنے کا حکم دیا۔ اسی طرح چشمہ میں ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر شیخ زاہد اقبال کی سربراہی میں کارروائی کے دوران بٹیر کے ایک غیر قانونی ڈیلر کو گرفتار کر کے 50 زندہ بٹیر برآمد کیے گئے۔ عدالت نے ملزم کو 50 ہزار روپے جرمانہ کر کے پرندوں کو آزاد کرنے کا حکم دیا۔ڈی جی خان میں ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر سخی محمد جوئیہ کی سربراہی میں مختلف کارروائیوں میں 9 شکاریوں کے چالان کیے گئے، جن میں 3 ملزمان کو 63 ہزار روپے محکمانہ جرمانہ کیا گیا جبکہ 6 مقدمات پر کارروائی جاری ہے۔

بھکر میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر عبداللہ بلال نے ناجائز شکار پر 2 شکاریوں کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا۔ اٹک میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر شاہ زیب خورشید نے غیر قانونی طور پر کالا تیتر رکھنے والے شخص کو 20 ہزار روپے جرمانہ کیا اور تیتر آزاد کر دیا۔اسی طرح جھنگ میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر عروج ظہیر نے کارروائی کرتے ہوئے گلابی تلیر کے ایک شکاری کو موقع پر گرفتار کر کے 31 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ وائلڈ لائف حکام کے مطابق صوبے بھر میں یہ کریک ڈاؤن جاری رہے گا تاکہ نایاب پرندوں اور جنگلی حیات کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔