ایف آئی اے ملتان زون کی ٹیموں نے انسانی سمگلنگ اور کرپشن میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا

بدھ 20 اگست 2025 21:43

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) ملتان زون کی ٹیموں نے انسانی سمگلنگ اور کرپشن میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹ عمر جبران کو گجرات سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم معصوم شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث تھا۔

(جاری ہے)

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے مختلف شہریوں سے نیوزی لینڈ میں ملازمت دلانے کے عوض 85 لاکھ روپے وصول کیے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ترجمان کے مطابق ایک اور کارروائی میں ایف آئی اے نے کرپشن میں ملوث سابق یوٹیلٹی اسٹور انچارج محمد رضوان کو بہاولپور سے گرفتار کیا۔ ملزم نے خیرپور ٹامیوالی بہاولپور میں اسٹور انچارج کے طور پر تعیناتی کے دوران یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن کے اسٹاک میں خوردبرد کی تھی۔ ایف آئی اے نے ملزم کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔