شہر میں مختلف انڈر پاسز سے پانی کی نکاسی مکمل ہونے کے بعد ٹریفک کیلئے کھو ل دیے گئے، کمشنر کراچی

بدھ 20 اگست 2025 22:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا ہے کہ شہر میں مختلف انڈر پاسز سے پانی کی نکاسی مکمل کرنے کے بعد ٹریفک کے لئے کھو ل دیے گئے ہیں۔بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کلفٹن انڈر پاس اور سب میرین انڈر پاس سے پانی کی نکاسی مکمل ہوگئی اور ٹریفک کیلئے کھول دئے گئے ہیں جبکہ ڈرگ روڈ اورناظم آباد انڈر پاس فی الحال ابھی ٹریفک کے لئے بندہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے پانی کی نکاسی کے لئے 250ڈی واٹرنگ پمپ فراہم کئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شاہین کمپلیکس ، آئی آئی چندریگر روڈ،شاہراہ فیصل، ایم اے جناح روڈ اور شاہراہ شاہ سوری روڈ کورنگی کی جانب جام صادق پل کو بھی ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے تاہم کورنگی کاز وے اورای بی ایم کاز وے ٹریفک کے لئے بند رہیں گے۔کمشنر کراچی نے مزید کہا کہ شہر میں پانی کی نکاسی کا کام جاری ہے،نیپا پر پانی ابھی جمع ہے شہری اس جانب جانے سے گریز کریں۔