ڈرگ ریہیبلیٹیشن سنٹر سوشل ویلفیئر ملتان اور ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان کے زیر اہتمام آگاہی سیمینار

بدھ 20 اگست 2025 23:07

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) ڈرگ ریہیبلیٹیشن سنٹر سوشل ویلفیئر ملتان اور ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان کے زیر اہتمام ڈی آر سی سوشل ویلفیئر ملتان میں "وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے سرسبز اور خوشحال پنجاب" کے حوالے سے آگاہی سیمینار منعقدہوا۔ بدھ کو منعقدہ سیمینار میں چیف ٹریفک آفیسر ملتان محمد کاشف اسلم (پی ایس پی) ایس ایس پی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیف ٹریفک آفیسر ملتان محمد کاشف اسلم نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیے ، یہ صدقہ جاریہ ہے، شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے، ایک درخت 36 ننھے بچوں کو آکسیجن فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر فرد کم از کم پانچ پودے لگائے اور اس کی پرورش بھی کرے تاکہ وہ درخت کامیاب ہو سکے، درخت ماحولیاتی نظام کو برقرار رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، درخت آکسیجن فراہمی کا بہترین ذریعہ ہونے کے ساتھ ساتھ آلودگی کا خاتمہ بھی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

سابق صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری و چیئر پرسن اولڈ ایج ہوم سوشل ویلفیئر ملتان شیخ فضل الہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو چاہیے کہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ نہ صرف شہر کو خوبصورت بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکیں بلکہ آنے والی نسلوں کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے محفوظ کر سکیں۔ دیگر مقررین جن میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان عبدالعزیز خان، چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف جینڈر سٹڈیز بہائو الدین زکریا یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر مرید حسین ملک، صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سمیرا ستار، مس عظمی امین سائیکالوجسٹ، محمد نبیل خان پبلک ریلیشن آفیسر سوشل ویلفیئر ملتان ڈویژن، سہیل احمد انچارج ٹریفک ایجوکیشن یونٹ سٹی ٹریفک پولیس ملتان نے بھی شجرکاری مہم کے حوالے سے خطاب کیا۔

اس موقع پر سی ٹی او ملتان نے ڈرگ ریہیبلیٹیشن سنٹر میں مقیم زیر علاج افراد کی بحالی کیلئے ڈرائیونگ سکول کی خدمات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب کے اختتام پر سی ٹی او ملتان نے شجر کاری مہم کے حوالے سے پودا لگایا اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا کی۔ شجرکاری مہم کے حوالہ سے آگاہی واک بھی کی گئی۔ بعد ازاں چیف ٹریفک آفیسر ملتان محمد کاشف اسلم اور سابق صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان شیخ فضل الہی نے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن کی طرف سے شرکاء میں ایوارڈ بھی تقسیم کئے۔