مینگورہ و گردونواح میں ڈبلیو ایس ایس سی سوات کی بڑے پیمانے پر صفائی و بحالی سرگرمیاں جاری

بدھ 20 اگست 2025 23:08

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)سوات میں حالیہ تباہ کن سیلابوں کے بعد ڈبلیو ایس ایس سی سوات (واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی سوات)کی جانب سے مینگورہ اور قریبی علاقوں میں صفائی اور بحالی کا عمل ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے۔ ادارہ شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کیلئے بھرپور انداز میں فیلڈ میں سرگرم ہے۔ترجمان ڈبلیو ایس ایس سی سوات کے مطابق اس وقت 550سے زائد ورکرز اور 145سے زاید ہیوی مشینری صفائی اور نکاسی کے کاموں میں حصہ لے رہے ہیں، ان میں سے 45مشینری ڈبلیو ایس ایس سی سوات کی اپنی ہے جبکہ باقی 100سے زائد مشینری کرایہ پر حاصل کی گئی ہے۔

اس عملے اور مشینری کے ذریعے گلیوں، سڑکوں اور بازاروں سے کیچڑ اور ملبہ ہٹایا جا رہا ہے جبکہ نکاسی آب کے متاثرہ نظام کو بھی بحال کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو آمدورفت میں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈبلیو ایس ایس سی سوات، تنویرالرحمان، خود فیلڈ میں موجود رہ کر ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں کے مکینوں سے ملاقات بھی کی اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ گلیوں اور گھروں کی صفائی مکمل ہونے تک ڈبلیو ایس ایس سی سوات کی ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجود رہیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ادارے کا مقصد صرف صفائی نہیں بلکہ شہریوں کی روزمرہ زندگی کو جلد از جلد معمول پر لانا بھی ہے۔مزید برآں، ڈبلیو ایس ایس سی سوات کی ٹیمیں پینے کے پانی کے ذخائر کو جراثیم سے پاک کرنے کے لیے کلورینیشن کا عمل بھی انجام دے رہی ہیں تاکہ عوام کو صاف اور محفوظ پانی فراہم کیا جا سکے۔اسکے ساتھ ساتھ جو واٹر سپلائی اسکیمیں جو سیلاب میں متاثر ہوئے ہیں ان پر بھی کام جاری ہے۔

ادارے کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صفائی اور بحالی کے عمل میں عملے کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ ریلیف سرگرمیوں کو تیز اور مثر بنایا جا سکے۔ڈبلیو ایس ایس سی سوات کے حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ جب تک متاثرہ مقامات مکمل طور پر کلیئر اور بحال نہیں ہو جاتے تمام ٹیمیں اور مشینری مسلسل کام جاری رکھیں گی۔