ایل ڈی اے گورننگ باڈی اجلاس، ایل ڈی اے وٹیپا کا سال2025-26کا بجٹ منظور

بدھ 20 اگست 2025 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) ایل ڈی اے گورننگ باڈی کا رواں سال کا چوتھا اجلاس گزشتہ روز ایل ڈی اے آفس جوہر ٹائون میں منعقد ہوا۔وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد نے ایل ڈی اے گورننگ باڈی اجلاس کی صدارت کی۔ ترجمان کے مطابق اجلاس میں وائس چیئرمین واساچودھری شہباز احمد،ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے شرکت کی۔

گورننگ باڈی اجلاس میں مختلف ایجنڈے منظوری کے لیے پیش کیے گئے۔ایل ڈی اے اور ٹیپا کا سال2025-26کا بجٹ منظور کیا گیا۔ایل ڈی اے کے رواں مالی سال کے لیے 59 ارب روپے اورٹیپا کا رواں مالی سال کے لیے تین ارب کا بجٹ منظورکیا گیا۔ اسی طرح ایل ڈی اے نے ڈویلپمنٹ رسید کے لیے 23.3 ارب جبکہ نان ڈویلپمنٹ رسید کے 24.3 ارب روپے مختص کیے۔ایل ڈی اے ٹائون پلاننگ ونگ کا رواں مالی سال کے لیے 16.5 ارب کا ہدف مقرر اورسی ایم پی ونگ کے لیے ایک ارب، سیلز اینڈ آکشن کے لیے 11.4 ارب کا ٹارگٹ مقررکیا گیا۔

(جاری ہے)

ایل ڈی اے رواں سال ایل ڈی اے سٹی، ایونیو ون اور دیگر سکیموں میں 14 ارب کے ترقیاتی کام کرے گا۔ایل ڈی اے سٹرکچر پلان روڈ کے لیے حکومت پنجاب سے مزید 10 ارب بطور لون لے گااور سٹرکچر پلان روڈز کی تعمیر پر مجموعی طور پر 20 ارب خرچ کرے گا۔گورننگ باڈی اجلاس میں ہائوسنگ،اربن پلاننگ، ٹائون پلاننگ اور شعبہ انجینئرنگ کے مختلف ایجنڈے منظور کیے گئے۔

اجلاس میں جناح مارکیٹ ٹائون شپ اور چائلڈ ویلفیئر سنٹر کے لیے نقشہ منظوری اور پوزیشن فیس مکمل طور پر معاف کرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں آکشن اینڈ الاٹمنٹس کی جانب سے پیش کردہ تجاویز اور ایل ڈی اے ایونیو ون کی مذاکراتی کمیٹی کی دوبارہ تشکیل نو کی منظوری دی گئی۔اسی طرح ایل ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشن 2019 میں مختلف ترامیم کی منظوری، ہائی رائز بلڈنگ کے ایف اے آر میں ترمیم، لازمی بیسمنٹ اور انڈرگرائونڈ پارکنگ کی تعمیر کو آپشنل کر دیا گیا۔

اجلاس میں دومرلہ تک کے کمرشل املاک میں آرکیٹ ختم کرنے کی منظوری دی گئی،ایز آف ڈوئنگ بزنس کے لیے 90 فٹ تک کی ہائیٹ اور 4 کنال تک کے کمرشل املاک کے لیے ٹیپا ٹی آئی اے کی ریکوائرمنٹ کو ختم کر دیا گیا۔ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں پہلے سے موجود اور نئی بننے والی کمرشل املاک کے باہری حصے (فساڈ) کی بہتری اور انفورسمنٹ کے لیے ریگولیشنز اور کمیٹی کی منظوردی گئی۔

اجلاس میں غیر قانونی کمرشلائزیشن پرپینلٹی فیس ریوائز کرکے 5 مرلہ تک ڈی سی ریٹ کا ایک فیصد جبکہ 5 مرلہ سے زائد 1.25 فیصد کر دی گئی ہے۔تعلیمی اداروں اور ہیلتھ فیسلیٹیز پر پیلنٹی ریوائز کرکے 5 مرلہ تک کی املاک پر 0.75 فیصد جبکہ 5 مرلہ سے بڑی املاک پر ایک فیصد کر دی گئی۔اجلاس میں ایل ڈی اے لینڈ یوز رولز میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دی گئی، اتھارٹی ممبران نے ریونیو جنریشن میں ریکارڈ بہتری لانے پر پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔

اجلاس میں گلبرگ سکیم کے سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ ماڈل اور ایل ڈی اے ایونیو ون کے ڈویلپمنٹ پلان کے ایجنڈے کی اصولی منظوری دی گئی، ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا کی سڑکوں پر پیچ ورک اور معمول کی مرمت و بحالی کے لیے ایم اینڈ آر کو بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔اجلاس میں گورننگ باڈی کے ٹیکنیکل ممبران ، چیف انجینئر ایل ڈی اے، ایڈیشنل ڈی جیز، چیف میٹرو پولیٹن پلاننگ، چیف ٹائون پلانر، ڈائریکٹر سی اینڈ ائی، ڈائریکٹر فنانس، ڈائریکٹر ہائو سنگ، ڈائریکٹر ایل ڈی اے ایونیو ون، ایل ڈی اے، ٹیپا اور واسا کے متعلقہ افسران،ہائوسنگ ڈیپارٹمنٹ، پی اینڈ ڈی، لوکل گورنمنٹ، کمشنر آفس، نیسپاک اور فنانس نمائندگان نے شرکت کی۔