ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کی جانب سے سیالکوٹ قلعہ میں کھلی کچہری کا انعقاد

بدھ 20 اگست 2025 21:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ امجد شہزاد نے سیالکوٹ قلعہ میں عوام کو فوری انصاف اور کرپٹ سرکاری آفیسران کے خلاف موثر کارروائیوں کے لئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا ،انہوں نے سائلین سے سرکاری محکموں کے آفیسران سے متعلق شکایات سن کر موقع پر ان کے حل کے لئے احکامات جاری کئے۔ اس موقع پر سی او اینٹی کرپشن سیالکوٹ ملک ندیم منور اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ریجن گوجرانوالہ نے وزیر اعلٰی پنجاب کے ویژن کرپشن سے پاک پنجاب پروگرام کے تحت لگائی جانے والی کھلی کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ رواں سال اینٹی کرپشن گوجرانوالہ ریجن کو ایک ہزار 89 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سب سے زیادہ درخواستیں محکمہ ریونیو اور پولیس کے خلاف تھیں جن کی تفصیلی انکوائری کے بعد 117 مقدمات درج کئے گئے اور ملزمان کو جوڈیشل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

امجد شہزاد کا کہنا تھا کہ ہم نے ریجن گوجرانوالہ کو کرپشن سے پاک کرنے کے لئے مکمل حکمت عملی تیار کر لی ہے اس سلسلے میں عوام ہمارا ساتھ دے اور کسی بھی سرکاری دفتر میں اگر آپ سے کوئی بھی بندہ رشوت طلب کرے تو فوری طور ہر اینٹی کرپشن حکام سے رابطہ کریں تاکہ کرپٹ آفیسران کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جا سکے ۔ان کا کہنا تھا کہ ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ کی ہدایات کے مطابق ہم ریجن گوجرانوالہ کو کرپشن سے مکمل پاک کر کے ہی دم لیں گے اور کرپٹ اہلکاروں کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :