محکمہ صحت وآبادی کی جانب سے پنجاب فیملی پلاننگ پارٹنرز کوآرڈینیشن فورم تشکیل

بدھ 20 اگست 2025 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) محکمہ صحت وآبادی نے پنجاب فیملی پلاننگ پارٹنرز کوآرڈینیشن فورم تشکیل دے دیا ۔ترجمان کے مطابق فورم کے قیام کے حوالے سے نجی ہوٹل میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیرنے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پرڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر خلیل، ڈی جی پاپولیشن کیپٹن ریٹائرد اورنگزیب حیدر، ڈاکٹر کیپٹن ریٹائرڈ عثمان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

تقریب میں ورلڈ بنک، جائیکا و دیگر این جی اوز کے نمائندگان نے بھی شرکت کی،فورم میں گرین سٹار کے ڈاکٹر عزیز نے بھی اظہار خیال کیا۔ صوبائی وزیر صحت و آبادی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فورم کی تشکیل باہمی تعاون اور خدمات میں بہتری کی جانب اہم پیش رفت ہے،یہ فورم پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی کاوشوں کو ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا،انہوں نے کہا کہ فورم کی تشکیل فیملی پلاننگ سے متعلقہ خدمات کو مزید موثر بنانے کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

خواجہ عمران نے کہا کہ آبادی اور وسائل میں توازن پیدا کیے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ممکن نہیں ،یہ اقدام حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر کے مابین تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا۔صوبائی وزیر نے کہاکہ آئی ٹی بیسڈ انفارمیشن سسٹم کا آغاز سروس ڈیلیوری میں بہتری لائے گا،مریم نواز کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز کی یونین کونسل سطح پر کام سے مکمل کوریج حاصل کی جا سکتی ہے،انہوں نے کہا کہ پرفارمنس بیسڈ ای وا ئچر سکیم کے ذریعے 1 لاکھ 40 ہزار سے زائد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستفیدین تک رسائی ممکن ہوئی ہے،میڈیا اور ایڈووکیسی ورکشاپس کے ساتھ ساتھ غیر روایتی آگاہی مہم اپنانے سے معاشرتی رویوں میں مثبت تبدیلی ممکن ہے ،مریم نواز ہیلتھ کلینکس عوام کو جامع طبی سہولیات اور فیملی پلاننگ طریقوں تک آسان رسائی فراہم کر رہے ہیں ۔

تقریب میں محکمہ صحت و آبادی اور ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے درمیان فیوژن کے بعد تعاون کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔