چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز لیسکوکا پی ڈبلیو آر میں لیگل ڈائریکٹوریٹ کے دفتر کا افتتاح

جمعرات 21 اگست 2025 00:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز لیسکوعامر ضیاء نے پی ڈبلیو آر میں لیگل ڈائریکٹوریٹ کے نئے دفتر کا افتتاح کیا، یہ دفتر ایس ای سول ورکس اور ان کی ٹیم کی محنت سے صرف 216 دنوں کی ریکارڈ مدت میں تعمیر کیا گیاجبکہ اس کی تکمیل کے لیے 330 دن کا ہدف مقرر تھا۔ترجمان کے مطابق جدید طرزِ تعمیر کے ساتھ تیار ہونے والی اس عمارت میں تین کشادہ ہالز اور دس کمرے شامل ہیں، جنہیں دفتر کی ضرورت کے مطابق ریکس اور دیگر سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے، یہ عمارت اعلی معیار کی تعمیر کا بہترین نمونہ ہے ۔

اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز لیسکو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سول ورکس ڈیپارٹمنٹ نے نہ صرف مقررہ وقت سے پہلے منصوبہ مکمل کیا بلکہ اعلی معیار کی تعمیر کو بھی یقینی بنایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ لیسکو کی کارکردگی اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ سول ورکس ڈیپارٹمنٹ نے بہترین پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور محنت سے یہ منصوبہ مقررہ وقت سے پہلے مکمل کیا ہے جو قابلِ ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کارکردگی سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ لیسکو کا ہر شعبہ صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے یکساں محنت اور عزم کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز اور چیف ایگزیکٹو لیسکو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چیف لیگل آفیسر کے دفتر کے قیام سے لیسکو کے قانونی معاملات میں مزید بہتری آئے گی۔ اس موقع پر آپریشن ڈائریکٹر اعجاز بھٹی، ڈی جی ایڈمن معصومہ عادل،چیف لیگل آفیسر گوہر ایوب، ایکسیئن سول ورکس مبین ملک سلمان ڈوگر اور ترجمان لیسکو رابعہ قادر بھی موجود تھیں۔