سانگلہ ہل ،ہنگامی صورتحال میں عوام کو علاج معالجہ اور ریلیف کی بہترین سہولت میسر ہونی چاہیے،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 21 اگست 2025 13:47

سانگلہ ہل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ہیڈ بلوکی کے مختلف دیہاتوں کا ہنگامی دورہ کیا، ڈپٹی کمشنر نے دیگر افسران کے ہمراہ ہفت مدر ، بلوکی سمیت دیگر دیہاتوں کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر و دیگر افسران نے کشتی میں سوار ہو کر دریائے راوی کے دوسرے کنارے کے ممکنہ سیلابی علاقوں کا بھی دورہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے دریائے راوی میں طغیانی کے خدشات کے پیشِ نظر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے دریائے راوی کے حفاظتی بندوں ، ریسکیو پوائنٹس اور طبی و ویٹرنری کیمپوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہیڈ بلوکی کے مقام پر دریائی کٹاو روکنے کے لئے لگائی جانے والی پتھر کی پچنگ کا بھی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے قائم فلڈ ریلیف کیمپس و ریسکیو پوائنٹس ، ہیلتھ اور وٹرنری کیمپوں کا دورہ کرتے ہوئے ادویات اور ویکسین کی دستیابی کو تسلی بخش قرار دیا۔

ڈی سی محمد تسلیم اختر راو نے عوام اور مال مویشیوں کے انخلاءکے لئے ضلعی اداروں کی تیاریوں کو بھی سراہا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کا خطرہ ٹلنے تک افسران اور فیلڈ اسٹاف ریسکیو پوائنٹس پر موجود رہیں اور پانی کی سطح اور بہاو کی رپورٹ ہر تین گھنٹے بعد پیش کرتے رہیں۔انہوں نے کہا کہ ہنگامی صورتحال میں عوام کو علاج معالجہ اور ریلیف کی بہترین سہولت میسر ہونی چاہیے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ ہے ، دریائے راوی میں طغیانی الارمنگ ہے تاہم ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ممکنہ سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔متعلقہ ادارے ممکنہ سیلابی ایریاز سے عوام اور مال مویشیوں کا انخلاءترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں عوام اور مال مویشیوں کو علاج معالجہ کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ضلعی انتظامیہ عوام کے جان و مال کی حفاظت یقینی بنانے کے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رائے ذوالفقار علی ، اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنائیت ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 اکرم پنوار ، سی او ضلع کونسل عامر اختر ، سی او ہیلتھ ڈاکٹر روحیل اختر، ایکسین ایریگیشن سمیت دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔\378