بجلی کے بریک ڈاؤنز اور کیبل فالٹس کے باعث شہر میں پانی کی فراہمی شدید متاثر ہورہی ہے،ترجمان واٹرکارپوریشن

جمعرات 21 اگست 2025 21:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)کراچیواٹر کارپوریشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے بار بار ہونے والے بجلی کے بریک ڈاؤنز اور کیبل فالٹس کے باعث شہر میں پانی کی فراہمی شدید متاثر ہورہی ہے۔ ترجمان کے مطابق دھابیجی، پپری اور حب جیسے بڑے پمپنگ اسٹیشنز سمیت شہر کے مختلف ڈسٹری بیوشن پمپنگ اسٹیشنز بجلی کی مسلسل بندش سے بری طرح متاثر ہیں۔

متعدد پمپنگ اسٹیشنز پر کیبل فالٹ کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے جس کے نتیجے میں اہم پمپنگ اسٹیشنز کے فیڈرز پر بجلی کی سپلائی بار بار متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی مسلسل بندش کے سبب کراچی کو اب تک تقریبا 200 ملین گیلن پانی کی قلت کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے شہر بھر میں پانی کی ترسیل بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید بتایا کہ اس صورتحال کے باعث پورٹ قاسم، بن قاسم ٹان، لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل ٹان، لیاقت آباد ٹان، چنیسر ٹان، پی این ایس مہران، پی اے ایف بیس فیصل، کارساز، ناظم آباد اور نیو کراچی سمیت کئی اہم علاقے پانی کی فراہمی میں کمی سے متاثر ہورہے ہیں۔

واٹر کارپوریشن حکام نے واضح کیا ہے کہ ادارہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور کے الیکٹرک انتظامیہ سے قریبی رابطے میں ہے تاکہ بجلی کی فراہمی کو جلد از جلد بحال کیا جا سکے اور شہریوں کو پانی کی مزید قلت سے بچایا جا سکے۔