شہر کی بیشتر مارکیٹوں سے برساتی پانی نکال لیا گیاہے ، کمشنر کراچی

جمعرات 21 اگست 2025 22:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا ہے کہ شہر کی بیشتر مارکیٹوں سے برساتی پانی نکال لیا گیا ہے اور ملحقہ سڑکوں کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ناظم آباد،طارق روڈ اوربہادرآباد انڈر پاسز پرنکاسی کا کام مکمل کرلیا گیا اورانڈر پاسزکو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیاہے۔

کمشنر کراچی نے کہا کہ ڈرگ روڈ،سہراب گوٹھ اورگل بہار انڈر پاسز پر کام تیزی سے جاری ہے اورواٹر پمپس نصب کردیئے گئے جو مسلسل کام کررہے ہیں چند گھنٹوں میں کام مکمل کرلیا جائے گا اور انڈر پاسز ٹریفک کے لیے کھول دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سوک سینٹر سے مزار قائد جانے والی اولڈ سبزی منڈی سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے تاہم اولڈ سبز ی منڈی سڑک پر سوک سینٹر جانے والے راستے پر سیو ریج کے مسئلہ کی وجہ سے ٹریفک کا دبا ئوزیادہ ہے،لہذا شہر ی اس راستہ کے استعمال سے گریز کر یں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شاہراہ فیصل روڈ، جام صادق پل اور کورنگی کاز پر معمول کے مطابق ٹریفک روانی کے ساتھ گزر سکتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام ادارے آپس مضبوط رابط اور تعاون کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ شہری تیز بارش کے دوران گھروں پررہیں اوراحتیاط کریں ۔