ایبٹ آباد،کمشنر ہزارہ کا ریوینیو آفس ایبٹ آباد کا اچانک دورہ،سروسز کا جائزہ اور سائلین کے مسائل سنے

جمعرات 21 اگست 2025 19:40

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) کمشنر ہزارہ نے ریوینیو آفس ایبٹ آباد کا اچانک دورہ کر کے سروسز کا جائزہ اور سائلین کے مسائل سنے۔تفصیلات کے مطابق ریونیو نظام میں بہتری اور عوامی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ نے جمعرات کے روز ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان کے ہمراہ ریوینیو آفس ایبٹ آباد کا اچانک دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے مختلف ریونیو سروسز کا جائزہ لیا اور سائلین کے مسائل براہ راست سن کر موقع پر احکامات جاری کیے۔انہوں نے دورے کے دوران اراضی رجسٹریشن،فرد،انتقالات،وراثت اور قانونی چارہ جوئی سے متعلق دفاتر کا معائنہ کیا۔انہوں نے قانون گو آفس،سب رجسٹرار آفس اور دیگر اہم کاؤنٹرز پر موجود سروسز کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو عوامی شکایات کے فوری اور مؤثر حل کی سختی سے ہدایات دیں۔

(جاری ہے)

کمشنر ہزارہ نے خواتین اور بزرگ شہریوں کے لیے علیحدہ اور باوقار سہولتی کاؤنٹرز قائم کرنے کی ہدایت کی جبکہ عوامی رش کو مدِنظر رکھتے ہوئے فرد اور رجسٹری کے کاؤنٹرز کی تعداد بڑھانے کے احکامات بھی جاری کیے تاکہ عوام کو لمبی قطاروں اور غیرضروری تاخیر سے نجات مل سکے۔کمشنر ہزارہ نے موقع پر موجود سائلین کو آگاہ کیا کہ رجسٹری اور انتقالات جیسی اہم خدمات کو شہریوں کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے دو موضع جات میں کام مکمل کر لیا گیا ہے اور اس منصوبے کی حتمی منظوری صوبائی حکومت سے حاصل کرنے کے بعد یہ سہولتیں مقامی سطح پر مہیا کی جائیں گی۔

دورہ کے دوران بعض سہولیات کی عدم دستیابی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر ہزارہ نے فوری اصلاح احوال کے احکامات جاری کیے۔انہوں نے کہا کہ عوامی شفافیت،کرپشن کی روک تھام اور مؤثر نگرانی کے لیے ہر کاؤنٹر پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے تاکہ ریکارڈنگ کے ذریعے کارکردگی کی نگرانی کی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :