،تعلیمی اداروں میں جدید سہولیات کی فراہمی حکومت اور ورلڈ بینک اسپائر پراجیکٹ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، الیاس کبزئی

جمعرات 21 اگست 2025 20:20

سبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر)الیاس کبزئی نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں جدید سہولیات کی فراہمی حکومت بلوچستان اور ورلڈ بینک اسپائر پراجیکٹ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، تاکہ ہمارے طلبہ جدید سائنسی اور آئی ٹی علوم سے مستفید ہو سکیں اور جدید تقاضوں کے مطابق اپنے مستقبل کو سنوار سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسپائر ورلڈ بینک پروجیکٹ کے تحت گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول سبی میں نئی آئی ٹی لیب، تین کمروں، برآمدے اور دیگر سہولیات پر مشتمل عمارت کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالستار لانگو، پرنسپل گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول بیگ محمد رئسانی ، فوکل پرسن اسپائر پروجیکٹ سعید احمد سیلاچی، کمیٹی ممبران اشفاق سیلاچی، سلیم بگٹی سمیت دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

اسکول کے بینڈ دستے نے ڈپٹی کمشنر کا شاندار استقبال کیا اور قومی ترانے کی دھن بجا کر سلامی پیش کی۔ افتتاحی منصوبے کے تحت عمارت کو 6kva سولر سسٹم سے منسلک کیا گیا ہے، جبکہ جدید 80 انچ ایل ای ڈی اسمارٹ بورڈ بمعہ کیمرہ اور جدید سافٹ ویئرز، نئے کمپیوٹرز اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے منصوبے کے تحت اسکول کو کتابیں بھی فراہم کیں۔ عمارت کا افتتاح ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالستار لانگو سے جبکہ جدید آئی ٹی لیب کا افتتا ح ڈویژنل انفارمیشن آفس کے عنایت اللہ شاہ نے کیا۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اور اسکول کے پرنسپل نے مون سون شجرکاری مہم کے تحت پودے بھی لگائے۔ ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم ہی ترقی اور خوشحالی کی کنجی ہے۔

جدید دور کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے تعلیمی اداروں میں نئی سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔ اس منصوبے کے تحت فراہم کی جانے والی لیب اور دیگر سہولیات طلبہ کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سبی کے تعلیمی اداروں کو نہ صرف بہتر عمارتیں اور بنیادی ڈھانچہ دیا جائے بلکہ ان کو سولرائزیشن، جدید آئی ٹی لیبز، لائبریریاں اور اسمارٹ کلاس رومز سے بھی آراستہ کیا جائے انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے اگلے مرحلے میں اس اسکول کو سولرائز کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو تعلیمی سرگرمیوں میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔

ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سبی کے تعلیمی اداروں کو ترقی دینا ان کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی