ڈائریکٹر لائیوسٹاک کا فیصل آباد کے مختلف ویٹرنری اداروں اور انٹر ڈسٹرکٹ ایل ایس ڈی چیک پوسٹس کا معائنہ

جمعرات 21 اگست 2025 20:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر نے فیصل آباد کے مختلف ویٹرنری اداروں اور انٹر ڈسٹرکٹ ایل ایس ڈی چیک پوسٹس کا معائنہ کیا۔انہوں نے سول ویٹرنری ہسپتال195 رب، سول ویٹرنری ڈسپنسری117 ج ب تحصیل فیصل آباد، سول ویٹرنری ہسپتال چک جھمرہ کا معائنہ کیا۔انہوں نے ہسپتالوں میں حاضری، او پی ڈی، صفائی ستھرائی، ویکسینیشن ریکارڈ، اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ پی ایل سی فیزII پر خصوصی توجہ دی جائے، ہسپتالوں میں کاشتکاروں کے بیٹھنے کے مناسب انتظامات کو یقینی بنایا جائے، ہسپتال اور واش رومز کی صفائی برقرار رکھی جائے، تازہ پانی، اینٹی بائیوٹکس اور ویکسینیشن کی دستیابی یقینی بنائی جائے، جاری ویکسینیشن بروقت مکمل ہو، کولڈ چین کا خیال رکھا جائے، کسانوں کو موسمی بیماریوں بالخصوص لمپی سکن ڈیزیز یعنی کہ گلٹی دار جلدی بیماری کی روک تھام اور گرم و مرطوب موسم میں جانوروں کی دیکھ بھال سے آگاہ کیا جائے، اے ڈی آر ایس فارمر ایپ کے استعمال سے متعلق رہنمائی دی جائے اور ایس پی ایم ایس9211 پر ڈیٹا بروقت اپ لوڈ کیا جائے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں انہوں نے ویٹرنری ہسپتالوں کے ارد گرد کے دیہات میں مختلف مویشی پال حضرات سے بھی سروس ڈلیوری بارے فیڈ بیک لیا جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ مزید براں ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے ساہیانوالہ انٹرچینج پر لمپی سکن ڈزیز کی روک تھام کے حوالے سے قائم کی گئی چیک پوسٹ کا بھی معائنہ کیا، جہاں تمام عملہ موجود پایا گیا جبکہ سپرے مشین اور چچڑ، مکھیوں اور دیگر حشرات کے خاتمے کے لئے ادویات بھی وافر مقدار میں دستیاب تھیں۔

انہوں نے وہاں جانوروں پر چیچڑ مار سپرے کے عمل کی نگرانی بھی کی اور کسانوں سے مثبت فیڈ بیک حاصل کیا۔ڈاکٹر سید ندیم بدر نے ہدایت کی کہ تمام سٹاف چوکس رہے اور اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کرے تاکہ حشرات بشمول چیچڑوں سے پھیلنے والی بیماریوں بالخصوص لمپی سکن ڈیزیز کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔اس حوالے سے انہوں نے مزید بتایا کہ سیکرٹری لائیو سٹاک احمد عزیز تارڑ کی ہدایات کے مطابق محکمہ لائیو سٹاک ڈویژن فیصل آباد کی جانب سے پنجاب بھر کی طرح تمام داخلی اور خارجی راستوں پر لمپی سکن ڈزیز یعنی کہ گلٹی دار جلدی بیماری کی روک تھام کے لئے چیک پوسٹوں کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے تاکہ کوئی بھی متاثرہ جانور داخل نہ ہو سکے اور ڈویژن بھر میں مختلف شفٹوں میں ویٹرنری عملہ بھی ان چیک پوسٹوں پر تعینات ہے اور دوسرے اضلاع سے آنے والے جانوروں کو چیچڑ اور مکھی مار سپرے کیا جا رہا ہے۔

دریں اثناء انہوں نے ٹرک مالکان کو بھی ہدایت کی کہ وہ جہاں پہ محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے چیک پوسٹیں لگائی گئی ہیں وہاں پر اپنی گاڑی کو لازمی طور پر روکیں اور وہاں پر موجود سٹاف سے اپنے جانوروں کو چچڑ اور مکھی مار سپرے لازمی کروائیں ۔ان کا مزید یہ کہنا تھا کہ تمام کسان حضرات سے گزارش ہے کہ اگر آپ کے علاقے میں یہ بیماری ظاہر ہو تو فوری طور پر قریبی لائیو سٹاک دفترADRS،farmer app یا محکمہ لائیو سٹاک کی مفت ہیلپ لائن 080009211 پر اطلاع دیں تاکہ ٹیمیں پہنچ کر بروقت ویکسینیشن کر سکیں۔اپنے مویشیوں کی حفاظت کے لئے تعاون کریں کیونکہ بروقت احتیاط ہی بہترین علاج ہے۔