Live Updates

سیلاب زدگان کی دکھوں کا مداوا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، سکندر حیات شیرپائو

جمعرات 21 اگست 2025 20:30

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)قومی وطن پارٹی خیبرپختونخوا کے چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ سیلاب زدگان کی دکھوں کا مداوا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ضلع صوابی کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے دوران متاثرین اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انیوں نے قومی وطن پارٹی کے صوبائی جائنٹ سیکرٹری افتخار خان زیدہ،صوبائی رہنما جاوید زمان خان ایڈوکیٹ،ضلعی چیئرمین مسعود جباراورجنرل سیکرٹری اختر یوسف کے علاوہ پارٹی مشران اور کارکوں پر مشتمل پارٹی وفد کے ہمراہ غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ملاقاتیں کی اور اس آفت کے نتیجے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی و یکجہتی کا اظہار اور شہدا کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعا کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو اپنی پارٹی کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ قومی وطن پارٹی آزمائش کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔انھوں نے کہا کہ ضلع صوابی کی طرح صوبہ کے دیگر اضلاع میں بھی حالیہ سیلاب اور کلاڈ برسٹ نے بڑی تباہی مچا ئی ہے اور سینکڑوں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاکے ساتھ ساتھ قیمتی املاک کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔

انھوں نے صوبہ میں سیلاب کی تباہ کاریوں کی بدولت متاثرین کی تشویشناک صورتحال کوایک بڑا المیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کی ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔انھوں نے کہا کہ حکمران اپنی تمام تر توانائیاں سیلاب زدگان کی مدد اور فوری بحالی و آباد کاری کیلئے بروئے کار لائیں کیونکہ سیلاب متاثرین تاحال کھلے آسمان تلے بے یار و مدد گار پڑے ہوئے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ یہ وقت سیاست اورنمبر گیم کا نہیں بلکہ متاثرین کی بھرپور خدمت اور ان کے دکھوں کا مداواکرنے کا ہے لہذاسیاست سے بالاتر ہوکر متاثرین کی مدد اوربحالی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جائے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات