آسان کاروبار اصلاحات خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے ایک نئے دور کا آغاز ہے، بیرسٹر سیف

خیبر پختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کی جانب سے تاریخی ’’آسان کاروبار اصلاحات‘‘ کا آغاز ط مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری مزید آسان ہو گئی ہے، مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا

جمعرات 21 اگست 2025 23:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ آسان کاروبار اصلاحات خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے ایک نئے دور کا آغاز ہے، بیوروکریٹک رکاوٹوں کو ختم کرکے سادہ و قابلِ اعتماد نظام متعارف کرا تے ہوئے صوبائی حکومت ایک ایسا ماحول بنا رہی ہے جہاں کاروبار کو فروغ مل سکے، روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور صوبے کی معیشت ترقی کرے۔

بیرسٹر سیف نے حالیہ سیلابی صورتحال پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ متاثرہ خاندانوں کی امداد اور بحالی کے لیے حکومت خیبر پختونخوا ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے چیلنجز کے باوجود حکومت اپنی اصلاحاتی ایجنڈے کو جاری رکھتے ہوئے پائیدار ترقی اور معاشی نمو کے لیے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ حکومت خیبر پختونخوا، محکمہ صنعت اور خیبر پختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ نے، برطانیہ کے تعاون سے چلنے والے پروگرام سًسٹین ایبل انرجی اینڈ اکنامک ڈویلپمنٹ کی معاونت سے، ایک بڑے اصلاحاتی پیکیج کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد صوبے کے کاروباری ماحول کو جدید خطوط پر استوار کرنا، سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور آسان کاروباری سہولیات فراہم کرنا ہے۔

"خیبر پختونخوا انویسٹمنٹ گائیڈ فار انڈسٹریز 2025" ان اصلاحات کا حصہ ہے، جس کا باضابطہ طور پر مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف، مشیر خزانہ مزمل اسلم، وائس چئرمین کے پی بی او آئی ٹی حسن مسعود کنور، سیکرٹری انڈسٹریز، کامرس و ٹیکنیکل ایجوکیشن مسعود احمد اور سیڈ پروگرام نے مشترکہ طور پر لانچ کیا۔ اس موقع پرسیڈ ٹیم کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ گائیڈز مرحلہ وار دستی کتابیں ہیں جو کاروبار کے قیام اور توسیع میں مدد فراہم کرتی ہیں۔

ان میں کمپنی رجسٹریشن، لائسنس، پرمٹس، یوٹیلیٹیز، زمین تک رسائی، ٹیکس کمپلائنس اور سیکٹر سے متعلقہ ضروریات شامل ہیں۔ یہ گائیڈز مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں دونوں کے لیے تیار کی گئی ہیں تاکہ پیچیدہ مراحل کو آسان اور واضح بنایا جا سکے، جس سے سرمایہ کار وقت بچا سکیں اور کاروباری ترقی پر توجہ دے سکیں۔یہ گائیڈز آسان کاروبار بل 2025 سے منسلک ہیں، جو حال ہی میں صوبائی اسمبلی میں پیش کیا گیا۔

یہ بل صوبے کے ون-ونڈو ’’آسان کاروبار پورٹل‘‘ کے لیے قانونی بنیاد فراہم کرتا ہے اور تمام محکموں کو رجسٹریشن، لائسنس، سرٹیفیکیشن اور پرمٹس کو ڈیجیٹل طریقے سے پروسیس کرنے کا پابند بناتا ہے۔ بل میں وقت کی پابندی کے ساتھ منظوری، رئل ٹائم ٹریکنگ، تاخیر پر خودکار کارروائی، شکایات کے ازالے کا نظام، ڈیجیٹل منظوریوں اور ای-پیمنٹس کی قانونی حیثیت جیسے اقدامات شامل ہیں، جو شفافیت، احتساب اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو یقینی بناتے ہیں۔

تقریب میں مہمانِ خصوصی وائس چئرمین کے پی بی او آئی ٹی حسن مسعود کنور نے کہا کہ یہ اصلاحات خیبر پختونخوا کی معیشت کو تبدیل کر دیں گی اور سرمایہ کاروں کو وضاحت، پیش بینی اور اعتماد فراہم کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ سادہ اور شفاف نظام سرمایہ کاروں کے لیے صوبے کی حقیقی صلاحیت کو اجاگر کرے گا۔ انہوں نے سیڈ اور اپنی ٹیم کے تعاون اور محنت کو سراہا۔

سیکرٹری انڈسٹریز مسعود احمد نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا ہمیشہ ’’آسان کاروبار‘‘ کے وژن کے تحت سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کو ترجیح دیتی آئی ہے۔ آسان کاروبار بل 2025 اس سفر میں ایک تاریخی قدم ہے جو نہ صرف کاروباری عمل کو آسان بناتا ہے بلکہ شفافیت، پیش بینی اور کارکردگی کو بھی یقینی بناتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انویسٹمنٹ گائیڈز برائے انڈسٹریز 2025 اور آسان کاروبار بل 2025 خیبر پختونخوا کے سرمایہ کاری کے ماحول میں ایک سنگِ میل ثابت ہوں گے اور آسان کاروبار کے وژن کو حقیقت میں بدلیں گے۔تقریب کے اختتام پر مشیر خزانہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا قدرتی وسائل، زراعت، سیاحت، کان کنی، توانائی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بے پناہ مواقع سے مالامال ہے۔

ضرورت ایک مضبوط فریم ورک کی تھی جو اس پوٹینشل کو سرمایہ کاری اور معاشی ترقی میں ڈھال سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس بل کے ذریعے اور تمام سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے ہم ایک مسابقتی اور سرمایہ کار دوست ماحول تشکیل دے رہے ہیں۔تقریب میں کے پی ایزڈمک، سمیڈا اور سیڈ ٹیم کے حکام نے بھی شرکت کی اور کے پی بی او آئی ٹی کی جانب سے انویسٹمنٹ گائیڈ فار انڈسٹریز 2025 کی اشاعت کو سرمایہ کاروں اور صنعتوں کے لیے سہولت کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔