کمبوڈیا کے قومی عجائب گھر میں گندھارا تہذیب کے 'نامور بدھا' کی ہوبہو نقل کے پاکستانی تحفے کی رونمائی کی تقریب

جمعہ 22 اگست 2025 00:30

پھنوم پنہ، کمبوڈیا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) کمبوڈیا کے قومی عجائب گھر میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جانب سے تحفے میں بھیجے گئے گندھارا تہذیب کے مشہور ' بدھا' مجسمے کی ہوبہو نقل (مورت) کی باضابطہ حوالگی اور رونمائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ وزارت ثقافت اور فائن آرٹس کی زیر نگرانی منعقد ہونے والے اس پروگرام میں کمبوڈیا کی حکومت کے اعلیٰ حکام اور سفارتی عملہ کے اراکین نے شرکت کی۔

پاکستان کے سفیر ظہیر الدین بابرتھیم نے یہ گراں قدر نادر تحفہ سلطنت کمبوڈیا کی وزیر ثقافت و فائن آرٹس، محترمہ پھورنگ ساکونا کے حوالے کیا۔ حوالگی کے بعد یہ مجسمہ عجائب گھر کی زینت ممتاز مجموعے کا حصہ بن گیا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی سفارت کاری کے ایک نئے باب کی علامت ہے۔

(جاری ہے)

کمبوڈیا کی وزیر پھورنگ ساکونا نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس تحفے کو مشترکہ ورثے، دوستی اور عقیدت کی ایک بھرپور علامت قرار دیا، جو کمبوڈیا کی گہری بدھ روایات کو پاکستان کی قدیم گندھارا تہذیب سے خوبصورتی سے جوڑتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمبوڈیا پاکستان کے ساتھ اپنی دوستی کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے، یہ تعلق امن، خوشحالی اور علاقائی مفاہمت کے ہمارے مشترکہ ویژن سے مزید مضبوط ہوا ہے۔ یہ ثقافتی تحفہ سفارت کاری کا حقیقی عکاس ہے، جہاں دوستی نہ صرف سیاسی اور معاشی تعاون سے بلکہ ثقافتی اقدار، روحانی روایات اور انسانی خواہشات کے اشتراک سے بھی پروان چڑھتی ہے۔

پاکستان کے سفیر ظہیرالدین بابر تھھیم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس نادر مجسمے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نفیس فن پارہ مشترکہ بدھ ورثے کی بھرپور جھلک پیش کرتا ہے اور پاکستان اور کمبوڈیا کے عوام کے درمیان دوستی اور خیر سگالی کے پائیدار رشتوں کی علامت ہے۔ سفیر نے کہا کہ بدھا یہ مجسمہ' خود شناسی اور روشن خیالی کے ایک گہرے سفر کی عکاسی کرتا ہے، جو ہمدردی، امن اور اتحاد کی لازوال اقدار کی مجسم تصویر ہے۔

یہ وہ اصول ہیں جو ہمارے دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں گہری اہمیت رکھتے ہیں اور ہمارے جاری شراکت کی بنیاد کے طور پر کام کرتے ہیں۔ گندھارا دور کے اس مجسمے کی نقل، جو ریاضت کی متاثر کن عکاسی کے لیے مشہور ہے، اب قومی عجائب گھر کمبوڈیا میں عوام کے لیے نمائش کے لئے دستیاب ہے، جو زائرین کو ایک مشترکہ تاریخی اور روحانی ورثے سے براہ راست جوڑے گی۔