روسی کمپنی گولڈن ایپل کا 2026 میں شنگھائی میں سٹور اور آن لائن سیلز کا آغاز کرنے کا اعلان

جمعہ 22 اگست 2025 12:42

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) روس کی معروف پرفیوم اور کاسمیٹکس ریٹیلر کمپنی گولڈن ایپل نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2026 میں شنگھائی میں سٹور کھولنے کے ساتھ آن لائن سیلز کا آغاز کرے گی۔چینی خبررساں ادارے شنہوا نے کمپنی کے حوالے سے بتایا کہ وہ روایتی شاپنگ مال کے بجائے ایک مکمل عمارت میں کام کرے گی جہاں نچلی منزلیں ریٹیل سپیس کے طور پر استعمال ہوں گی جبکہ بالائی منزلوں پر ایشیائی ہیڈ کوارٹر قائم کیا جائے گا تاکہ خطے میں آپریشنز کی نگرانی کی جا سکے۔

(جاری ہے)

گولڈن ایپل کے شریک بانی اور شریک مالک ایوان کُوزولیو نے کہا کہ چین میں داخل ہونا ان برانڈز کے لیے ایک "سپرنگ بورڈ" ثابت ہوگا جو اس وسیع مارکیٹ کو دریافت کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روسی مصنوعات پہلے ہی کچھ شعبوں میں مقبول ہیں اور روسی کاسمیٹکس بنانے والے چین میں عالمی برانڈز کے ساتھ مساوی بنیاد پر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔1996 میں قائم ہونے والی گولڈن ایپل روس کی سب سے بڑی اومنی چینل پرفیوم اور کاسمیٹکس ریٹیلرز میں شمار ہوتی ہے۔ یہ اس وقت روس، قازقستان، بیلا روس، قطر، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔