ڈی سی لاہور کا تحصیل راوی کا دورہ،منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا

جمعہ 22 اگست 2025 12:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانے کے لئے تحصیل راوی کا دورہ کیا اور مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر راوی، واسا اور نیسپاک حکام نے منصوبوں پرڈی سی کو بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ شہری ان گلیوں اور علاقوں کے اصل محافظ ہیں لہذا ترقیاتی منصوبوں کی حفاظت بھی شہریوں کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے بھٹہ کالونی میں جاری منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے سست روی پر برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ اداروں کو کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر لاہور نے نیسپاک کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں کے معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور تمام کام وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق مقررہ وقت پر مکمل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لئے ترقیاتی کام دیرپا اور مضبوط ہونے چاہییں تاکہ لوگ طویل عرصے تک ان منصوبوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری کام کو بروقت اور شفاف انداز میں مکمل کیا جائے گا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، سی او ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنر راوی اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔