محکمہ جنگلی حیات پنجاب کی غیر قانونی شکار کے خلاف کارروائیاں جاری، 25 گرفتار

جمعہ 22 اگست 2025 13:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) چیف وائلڈلائف رینجر پنجاب مبین الٰہی کی زیر قیادت محکمہ جنگلی حیات صوبے میں جنگلی حیات کے غیرقانونی شکار، کاروبار اور قبضے کےخلاف موثر کارروائیاں کررہاہے جس سے آئے روز درجنوں جنگلی جانور و پرندے بازیاب ہورہے ہیں ،ایسی ہی متعددکامیاب کارروائیوں کے دوران وائلڈلائف رینجرز حافظ آباد ، فیصل آباد، تلہ گنگ ،اٹک ، لیہ ، راجن پور ، مظفر گڑھ اور بہاولپور نے بٹیر ، تیتر ، طوطے ، خرگوش اور سانڈھوں کے 25غیرقانونی شکاریوں اورقابضین کو گرفتار کرکے ان سے جنگلی پرندے برآمد کرکے متعدد کو 5لاکھ روپے جرمانہ عائد کیااور پرندے عدالتی حکم پر آزاد کردیے۔

تفصیل کے مطابق اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر ضلع حافظ آباد حنفیہ یوسف نے اپنی ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر ایک شخص کو گرفتارکرکے اس کے قبضے سے کالا تیتر او ر گانیدار طوطا برآمد کرکے ملزم کو وائلڈلائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان مرتب کرکے مبلغ 25ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا اورپرندے قدرتی ماحول میں آزاد کردیے ۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر جہلم ہیڈ کوارٹرز محمد تیمور نے وائلڈلائف رینجرز سوہاوہ کے ہمراہ خرگوش کے غیرقانونی شکار میں مشغو ل2شکاریوں کو گرفتار کرکے انہیں مبلغ 55ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا۔

اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر ضلع اٹک شاہ زیب خورشید نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کتوں کےساتھ جنگلی سور کے غیرقانونی شکار میں ملوث 8شکاریوں کو ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ کیا ، ایک دیگر کیس میں سوشل میڈیا پر ہنٹنگ کی ویڈیو وائر ل کرنے ایک ملزم کو 85ہزار روپے جرمانہ کیا ۔ اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر ضلع لیہ کاشف حمید نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بٹیر کی نیٹنگ کر نے والے 3شکاریوں کو 85ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا جبکہ تحصیل چوبارہ میں تیتر کے ایک غیرقانونی شکاری کےخلاف مقامی تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی ۔

اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر تلہ گنگ محمد عمران نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ناجائز قبضہ تیتر پر 2ملزمان کو 50ہزار روپے جرمانہ کیا جبکہ بیٹر نیٹنگ میں مشغو ل ایک شکار ی کو بذریعہ عدالت جیل بھیجا ۔اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر ضلع بہاولپور طارق عباس کھوسہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ 3نیٹنگ گیئر ز برآمد کرکے 4 زندہ بٹیر اور 2 تیتر بازیاب کروائے جبکہ سانڈھوں کے 2شکاریوں کو 40ہزار جرمانہ کیا ۔

ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر ڈی جی خان سخی محمد جوئیہ نے گزشتہ 6چالانوں پر ایک لاکھ 30ہزار جرمانہ کیا جبکہ ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر فیصل آباد ڈاکٹر غلام رسول کی سربراہی میں متعدد بٹیر کے نیٹنگ گیئرز برآمد کرکے کارروائی شروع کردی ۔اسی طرح ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر ملتان ریجن سجاد حسین کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجر ز شجاع آباد اور خانیوال نے ناجائز شکر بٹیر کے نیٹنگ گیئر برآمد کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ۔