ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان کا تحصیل کوٹ چٹھہ کا دورہ، مختلف سرکاری اداروں کی کارکردگی کا جائزہ

جمعہ 22 اگست 2025 21:55

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے کوٹ چٹھہ کا دورہ کر کے صفائی، صحت، اراضی ریکارڈ اور دیگر عوامی خدمات سے متعلق اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کوٹ چٹھہ شکیب سرور، چیف آفیسر ضلع کونسل جواد الحسن گوندل اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

انہوں نے ہسپتال میں سروس ڈلیوری کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔محمد عثمان خالد نے کہاکہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شعبہ صحت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز کے قریب بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے اراضی ریکارڈ سنٹر کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے موجود سائلین سے براہ راست ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں فرائض کی ادائیگی کو احسن انداز میں یقینی بنایا جائے۔ غفلت اور لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے بستی ملانہ اور دیگر علاقوں میں صفائی کی صورتحال، انسداد تجاوزات مہم، فراہمی و نکاسی آب اور دیگر بلدیاتی امور کا بھی معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ’’گڈ گورننس‘‘ کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہےاور اسی سلسلے میں سرکاری اداروں کے اچانک دورے جاری رکھے جائیں گے تاکہ عوامی خدمات کے نظام کو شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔