سموگ سیزن سے پہلے ٹرانسمیشن لائنوں کی صفائی کی جائے، میپکو چیئرمین

جمعہ 22 اگست 2025 23:06

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) چیئرمین میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز انجینئر عامر ضیاء نے کہا ہے کہ سموگ اور فوگ کے سیزن سے قبل ٹرانسمیشن لائنوں کی صفائی اور سسٹم کی بروقت مینٹیننس کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 235ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں بورڈ ڈائریکٹرڈاکٹر فرخ نوید اور چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گُل محمد زاہد سمیت بورڈ ڈائریکٹرز طاہر بشارت چیمہ، خواجہ جلال الدین رومی، عامر نسیم شیخ، بیرسٹر زینب مہدی جنجوعہ اور شیریں ملک شیرنے شرکت کی۔

بورڈ ڈائریکٹر طاہربشارت چیمہ نے کہا کہ میپکو دفاتر کی اپ گریڈیشن ضروری ہے تاکہ صارفین کو معیاری ماحول فراہم کیا جا سکے۔ عوامی سہولت اور کارکردگی میں اضافے کے لئے جدید سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے جائےۓ۔

(جاری ہے)

سیفٹی میپکو کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام حفاظتی اقدامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ ملازمین کی جان کا تحفظ یقینی ہو۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں میپکو صارفین سے قومی شناختی کارڈ کا ڈیٹا حاصل کرکے مرتب کرنے پرفی میٹرریڈر 25ہزارروپے ادائیگی کرنے، آڈیٹرجنرل آف پاکستان کے بنیاد ی سکیل 18کے آڈٹ آفیسر محمد زبیر نعمانی کی خدمات ڈیپوٹیشن پر میپکو کے سپرد کرنے، جونیئر انجینئر ز،ایس ڈی اوزذیشان حیدر کی خدمات مستقل بنیاد پر حیسکو سے میپکو کے حوالے کرنے، آصف علی کی خدمات مستقل بنیادوں پر لیسکو لاہور میں دینے کے لئے این او سی کے اجراء، میپکو ریجنل ٹریننگ سنٹر میں لیکچر دینے والے گیسٹ سپیکرزاور ان ہاؤس سپیکرز کی فیس میں اضافہ کرنے اور ایک لاکھ26ہزار سے زائد سٹیل پنز کی خریداری کے کیسز منظور کئے گئے۔

اجلاس میں ڈائریکٹرجنرل ایچ آر اینڈ ایڈمن میاں محمد سہیل افضل، جنرل منیجرآپریشن محمد اکرم سیال، جنرل منیجر ٹیکنیکل محمد اشفاق اعوان اور کمپنی سیکرٹری بھی موجود تھے۔