Live Updates

منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کا سوات بونیر وگلگت میں سیلاب کے باعث یتیم ہونیوالے بچوں کی تعلیم و تربیت وکفالت کا اعلان

جمعہ 22 اگست 2025 23:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) منہاج ویلفیئر فائونڈیشن نے بونیر، سوات اور گلگت میں سیلاب و طوفانی بارشوں کے باعث یتیم ہونے والے بچوں کی تعلیم و تربیت اور کفالت کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا باضابطہ اعلان کل (ہفتہ) کو بونیر میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلی خرم نواز گنڈاپور،ڈائریکٹر آپریشنز منہاج ویلفیئر فائونڈیشن انجینئر ثناء اللٰہ خان بشنوئی میں کریں گے۔

ترجمان کے مطابق خرم نواز گنڈاپورمتاثرہ علاقوں میں منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے ہمراہ ریلیف سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کررہے ہیں۔انجینئر محمد ثناء اللٰہ کا کہناہے کہ سیلاب تباہی کے مناظر دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے، ایک بڑی مقامی آبادی بے گھر ہو چکی ہے، بزرگ، بچے اور خواتین کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مرکزی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ جب تک متاثرین کھلے آسمان کے نیچے بیٹھے ہیں، انہیں پکا پکایا کھانا دیا جاتا رہے گا اور جب یہ متاثرین اپنے گھروں کو لوٹیں گے تو انہیں ایک ماہ کا راشن دینے کے ساتھ ساتھ ضروری گھریلو سامان بھی دیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کی طرف سے زخمیوں کیلئے طبی امداد کا بندوبست بھی کیا گیا ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر زخمیوں کو طبی امداد اور مفت ادویات دی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان اور پاکستانی شہری یہ ہم سب کا فرض ہے کہ ہم اپنے متاثرہ بھائیوں کی ہر ممکن مدد کے لئے آگے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ 2005 میں قیامت خیز زلزلہ کے بعد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے یتیم ہونے والے بچوں کی تعلیم و تربیت اور کفالت کا اعلان کیا تھا اور الحمداللہ آج کے دن تک شیخ الاسلام کے وعدے پر عمل ہورہا ہے ،اس کے لئے آغوش آرفن کیئر ہوم کی سٹیٹ آف دی آرٹ بلڈنگ تعمیر کی گئی تھی جہاں آج بھی یتیم بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2005 کے زلزلے میں یتیم ہونے والے بچوں کی ایک بڑی تعداد آغوش آرفن کیئر ہوم میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد مختلف شعبہ جات میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دے رہی ہے ،وہ بچے اب یتیم نہیں رہے بلکہ اب وہ دوسروں کی کفالت کرنے کے اہل ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم جو وعدہ کرتے ہیں، وہ پورا کرتے ہیں، یتیموں کی کفالت اللٰہ اور اس کے رسولۖ کی خوشنودی کا ذریعہ ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ہم ڈونرز کی پائی پائی خدمت خلق کے کاموں میں صرف کرنے کا دستاویزی ریکارڈ رکھتے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات