Live Updates

ملک میں قانون اور انصاف کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں،سید زین شاہ

سادہ لباس میں مسلح افراد کاعلیمہ خان کے گھر دھاوا بولنا اور ان کے بیٹے شاہ ریز کو اغوا کرنا سنگین بربریت کی کھلی مثال ہے،صدر ایس یو پی

جمعہ 22 اگست 2025 23:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر اور کنوینر دریائے سندھ بچا تحریک سید زین شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں قانون اور انصاف کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ لاہور میں تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی رہائش گاہ پر سادہ لباس میں مسلح افراد کا دھاوا بولنا اور ان کے بیٹے شاہ ریز کو اغوا کرنا سنگین بربریت کی کھلی مثال ہے۔

یہ انتہائی شرمناک اور قابل مذمت واقعہ ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ حکومت نے سیاسی مخالفین کو کچلنے کے لیے ریاستی اداروں کو ہتھیار بنا لیا ہے۔ اپنے جاری مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی مخالفین کو دبانے اور خوف و ہراس پھیلانے کی منظم حکومتی پالیسی ہے۔ حکومت اور اس کے ماتحت ادارے عوام کے جان و مال کی حفاظت کے بجائے مخالف سیاسی رہنماں، کارکنوں اور ان کے اہلخانہ کو نشانہ بنا کر آمریت کی بدترین مثالیں قائم کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سید زین شاہ نے کہا کہ حکمران ٹولہ اپنی ناکامی اور عوامی غیض و غضب سے بچنے کے لیے جبر و تشدد کا سہارا لے رہا ہے۔ شہریوں کی جان، مال اور عزت سرے سے محفوظ نہیں رہی اور ادارے اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ ایسے غیر قانونی اور ظالمانہ اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ ملک میں خوف کی سیاست کو دانستہ طور پر بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام اور جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر اس فسطائی حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ سید زین شاہ نے مطالبہ کیا کہ اس مجرمانہ کارروائی میں ملوث عناصر کو فی الفور بے نقاب کر کے گرفتار کیا جائے اور قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات