کمشنر ملاکنڈ کا ڈپٹی کمشنر آفس سوات کا دورہ ،متاثرہ علاقوں میں جاری بحالی و ریلیف سرگرمیوں پر بریفنگ حاصل کی

متعلقہ حکام متاثرین میں ریلیف سامان کے تقسیم کار میں شفافیت یقینی بنائیں ،کسی کی حق تلفی نہ ہو، عابد وزیر کی ہدایت

جمعہ 22 اگست 2025 20:10

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد وزیر نے ڈپٹی کمشنر آفس سوات کا دورہ کیاڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے کمشنر ملاکنڈ کو ضلع سوات میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری بحالی و ریلیف سرگرمیوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس)سوات نعمان علی شاہ اور سٹی مئیر شاہد علی خان بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر سوات نے بتا یا کہ آج ضلع سوات کے مختلف سرکاری اداروں کے تقریبا 460 عملے کو مینگورہ شہر، ملابابا، مکان باغ، بنگلہ دیش اور ملحقہ علاقوں میں گلی کوچوں کی صفائی کیلئے تعینات کیا گیا ہے تاکہ ان علاقوں میں صفائی کے عمل کو مذید تیز کیا جا سکے۔ کمشنر ملاکنڈ نے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ سوات، ڈبلیو ایس ایس سی سوات، متعلقہ تحصیل میونسپل انتظامیہ، ریسکیو، پولیس، واپڈا، سوئی گیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی ریلیف و بحالی سرگرمیوں میں کاوشوں کو سراہاکہ ان اداروں کی مسلسل اور انتھک محنت کی وجہ سے ریلیف و بحالی کی سرگرمیوں سے میں شاہراہوں، بجلی و سوئی گیس کی بحالی کو ممکن ہو سکا اور باقی علاقوں میں بجلی و گیس کی بحالی جلد از جلد مکمل کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر عوام الناس، تبلیغی حضرات اور رضا کار تنظیموں کیطرف سے ریلیف سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ کمشنر ملاکنڈ نے ڈپٹی کمشنر سوات، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈبلیو ایس ایس سی، تحصیل میونسپل آفیسر بابوزئی کو مینگورہ شہر، ملابابا، مکان باغ، بنگلہ دیش اور ملحقہ علاقوں میں گلی کوچوں کی صفائی ستھرائی پر کام کی رفتار مذید تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ جلد ازجلد ان علاقوں کے عوام کی روزمرہ زندگی کی سرگرمیاں ممکن بنائی جائے۔

بعدازاں کمشنرملاکنڈ نے آفسر آباد میں ریلیف وئیر ہاوس اور فوڈ گودام کا معائینہ کیا۔ متعلقہ حکام نے صوبائی حکومت، این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کی طرف سے ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کیلئے مہیا کی گئی ریلیف سامان اور متاثرین میں تقسیم کار بارے آگاہی دی۔ کمشنر ملاکنڈ نے ریلیف سٹاک رجسٹر کی جانچ پڑتال کی اور موقع پر موجود متاثرین کا موقف معلوم کیا۔ کمشنر ملاکنڈ نے متعلقہ حکام کو متاثرین میں ریلیف سامان کی تقسیم کار میں شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو۔