پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک نے نجی تعلیمی ادارے 31اگست تک بند رکھنے کے حکومتی فیصلے کو یکسر مسترد کردیا

جمعہ 22 اگست 2025 20:10

نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک نے نوشہرہ سمیت خیبر پختونخواہ بھر میں نجی تعلیمی ادارے 31اگست تک بند رکھنے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع نوشہرہ میں آرمی، پاک فضائیہ، نیوی، فوجی فانڈیشن ، ایف جی اور کنٹونمنٹ بورڈزکے تعلیمی ادارے 04-08-2025 سے کھل چکے ہیں تاکہ اشرافیہ کے بچے زیور تعلیم سے آراستہ ہو سکیں۔

اس کے برعکس، صوبائی حکومت، پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی (PSRA) اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو 2025-08-31 تک بند رکھنے کے اقدامات جاری ہیں ، گویا غریب اور متوسط طبقے کے بچوں کو تعلیم سے محروم رکھنے کی منظم کوشش کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک نوشہرہ کے صدر قاضی فضل حکیم اور ممبران پرائیویٹ سکول ریگولرٹی اتھارٹی سید انس تکریم کاکاخیل ،فضل اللہ داودزئی سمیت پین اور پی ایس آر اے کے دیگر رہنماوں نے اپنے اپنے اخباری بیانات میں کیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ تعجب یہ ہے کہ کیا نو شہرہ کی گرمی ان اداروں پر لاگو نہیں ہوتی کیا یہ خدشہ ہے کہ اگر عام اسکول 10 دن پہلے کھل جائیں تو کہیں "کلاڈ برسٹ " نہ ہو جائی اس امتیازی اور غیر منصفانہ رویے پر شدید افسوس اور نفرت کا اظہار کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

مزید افسوس ان غیر ذمہ دارانہ بیانات پر ہے جو بعض افراد اس سنگین مسئلے کو معمولی بنا کر پیش کر رہے ہیں۔ یقینا قوموں کی بربادی کے ادوار میںایسے ہی مناظر تاریخ کا حصہ بنتے ہیں۔