ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان سعدیہ دانش کا گلیشیر پھٹنے سے آنیوالے خوفناک سیلاب پر اظہار افسوس

جمعہ 22 اگست 2025 20:10

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)گلگت بلتستان اسمبلی کی ڈپٹی سپیکر سعدیہ دانش نے روش تالی داس میں گلیشیر پھٹنے سے آنے والے خوفناک سیلاب پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سانحہ گلگت بلتستان میں موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرات کی ایک سنگین مثال ہے۔ اس حادثے میں جہاں 100 سے زائد گھرانے مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں، وہیں مقامی چرواہوں کی بروقت اطلاع اور مقامی لوگوں کی بیداری کے باعث انسانی جانوں کا ضیاع نہ ہونا باعثِ اطمینان ہے۔

انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں وہ اکیلے نہیں ہیں، پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ روشن کے مقام پر دریائے گوپس یاسین کا بہا رک جانے اور جھیل کی شکل اختیار کرنے کے باعث نشیبی علاقوں میں آباد لوگوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ کسی بڑے انسانی سانحے سے بچا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومتِ پاکستان اور متعلقہ اداروں سے پرزور اپیل کی کہ گلگت بلتستان میں فوری طور پر "کلائمٹ ایمرجنسی" نافذ کی جائے، متاثرہ خاندانوں کو ہنگامی بنیادوں پر امداد، خیمے، خوراک اور ادویات فراہم کی جائیں اور لوگوں کی بروقت بحالی کے لئے مثر اقدامات کیے جائیں۔ ڈپٹی اسپیکر سعدیہ دانش نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام پہلے ہی موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات جھیل رہے ہیں، لہذا مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کے لئے جامع حکمتِ عملی اور مستقل بنیادوں پر اقدامات اٹھانا ناگزیر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قدرتی آفات کے شکار خاندانوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی ان کی بحالی اور آبادکاری کے لئے حکومت اور ریاستی ادارے فوری طور پر اقدامات اٹھائیں۔ ڈپٹی اسپیکر نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کی فوری بحالی کے لئے خصوصی ریلیف فنڈ قائم کیا جائے تاکہ بے گھر ہونے والے لوگوں کو فوری امداد اور طویل مدتی بحالی کے لئے سہولت فراہم کی جا سکے۔