کراچی میں حالیہ بارشیں جناح ٹاؤن میں نکاسی آب کے انتظامات ،نکاسی آب کے عمل کو اولین ترجیح دی گئی

جمعہ 22 اگست 2025 22:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء) شہر قائد میں حالیہ شدید بارشوں کے دوران جہاں مختلف علاقوں میں شہری نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا، وہیں جناح ٹاؤن کی حدود میں انتظامیہ نے مؤثر حکمت عملی اور بروقت اقدامات کے ذریعے صورتحال کو بڑی حد تک قابو میں رکھا۔چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع کی قیادت اور براہ راست نگرانی میں بارشوں کے فوری بعد ٹاؤن اور تمام یونین کونسلز میں رین ایمرجنسی نافذ کی گئی، ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں اور نکاسی آب کے عمل کو اولین ترجیح دی گئی۔

جناح ٹاؤن کے عملے نے گلشن اقبال ٹاؤن کی حدود میں نزد کشمیر پارک 33 انچ کی پھٹی ہوئی سیوریج لائن کی مرمت، نشیبی علاقوں سے ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعے پانی کی نکاسی، اور گرے ہوئے بجلی کے کھمبوں کو ہٹانے جیسے اہم کام بروقت انجام دیے تاکہ کسی قسم کا جانی نقصان نا ہو۔

(جاری ہے)

اگرچہ کچھ مقامات پر مشینری کی کمی کے باعث وقتی طور پر تاخیر ہوئی، تاہم چیئرمین رضوان عبد السمیع وانتظامیہ نے فوری ردعمل دے کرہنگامی بنیادوں پرنئے پمپس کی خریداری کی تاکہ نکاسی آب کے مسائل پرقابو پایا جاسکے۔

یونیورسٹی روڈ، گلشن اقبال، سوک سینٹر اور اطراف کے علاقوں میں بھی انتظامیہ مسلسل متحرک نظر آئی، جہاں نکاسی آب کے لیے فیلڈ ٹیمیں دن رات کام کرتی رہیں۔ بروقت اقدامات کے نتیجے میں نہ صرف پانی کی نکاسی ممکن ہو سکی بلکہ ٹریفک کی روانی بھی جلد بحال ہوئی، جس پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس بار جناح ٹاؤن کی انتظامیہ نے جس تیزی اور ذمہ داری کے ساتھ کام کیا، وہ قابل تحسین ہے۔

شہریوں نے اُمید ظاہر کی ہے کہ اگر یہی رفتار اور قیادت آئندہ بھی برقرار رہی تو مستقبل میں بارشوں کے باعث درپیش مسائل میں واضح کمی آئے گی۔چیئرمین رضوان عبد السمیع کا کہنا ہے کہ شہریوں کی سہولت اولین ترجیح ہے، اور ہم ہر ممکن وسائل بروئے کار لا کر ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے کوشاں ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ بارشوں کے پیش نظر پہلے سے زیادہ جامع حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے۔