Live Updates

سندھ میں بارشوں اور دریائی صورتحال پر چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ کا ہنگامی اجلاس،تمام اضلاع میں کنٹرول روم قائم کرنے کا حکم

جمعہ 22 اگست 2025 22:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء) چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں جاری بارشوں اور دریائے سندھ میں پانی کے بڑھتے ہوئے بہا کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبے کے تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے علاوہ متعلقہ محکموں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں شرکا کو حالیہ بارشوں اور دریائے سندھ کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

چیف سیکریٹری سندھ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ ممکنہ ہنگامی صورتحال کے لیے ہر وقت الرٹ رہیں اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔چیف سیکریٹری نے حکم دیا کہ سندھ کے تمام اضلاع میں کنٹرول روم قائم کیے جائیں تاکہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کی نگرانی اور فوری اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ آبپاشی محکمے کو دریائے سندھ کے حفاظتی بندوں پر پچنگ اور مرمتی کام تیز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بارشوں کا براہِ راست اثر سندھ کے نشیبی علاقوں خصوصا دادو اور جامشورو پر پڑ سکتا ہے، لہذا ان اضلاع میں خصوصی انتظامات کیے جائیں تاکہ عوام کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔ چیف سیکریٹری سندھ نے پی ڈی ایم اے کو ہدایت دی کہ وہ بارش اور سیلابی صورتحال میں فوری اور مثر رسپانس یقینی بنائے، جبکہ متعلقہ اداروں کو ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطے میں رہنے کا بھی کہا۔انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ میں سب سے زیادہ بارشیں کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں ریکارڈ ہوئی ہیں، اس لیے ان ڈویژنز میں نشیبی علاقوں سے پانی کی فوری نکاسی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات