پنجاب فوڈ اتھارٹی اور محکمہ لائیو سٹاک معیاری دودھ کی فراہمی کے لیے مل کر کام کریں گے ، 11سینئر افسران پر مشتمل اعلی سطحی کمیٹی تشکیل

ہفتہ 23 اگست 2025 14:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت پر فوڈ اتھارٹی اور محکمہ لائیو سٹاک معیاری دودھ کی فراہمی کے لیے مل کر کام کریں گے فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق دودھ کے معیار ،پیداوار بڑھانے کے لیے فوڈ اتھارٹی اور لائیو سٹاک کے 11سینئر افسران پر مشتمل اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو ملک پروڈکشن اینڈ فارم مینجمنٹ کے حوالے سے اصلاحات پر 1ماہ میں رپورٹ پیش کرے گی ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہاکہ دودھ کی پیداوار بڑھانے اور معیار میں بہتری کے لیے نسلی آفزائش اور فیڈ پر فوکس کیا جائے گا، بریڈ امپرومنٹ پروگرامز کے ذریعے دودھ کی پیداوار اور کوالٹی میں اضافہ کیا جائے گا، جانوروں کی افزائش، فیڈ اور پانی کے استعمال پر کسانوں کی تربیت کے لیے ماڈیولز بنائے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دودھ کی ڈیجیٹل ٹریکنگ اور مکمل ٹریسیبیلٹی کے نظام کے لیے جدید لائحہ عمل تیار کیا جائے گا، عاصم جاوید نے کہاکہ فارم لیول پر اینٹی بایوٹکس، کیمیکلز اور پیتھوجنز کی اسکریننگ کے میکنزم تجویز کیے جائیں گے، ڈی جی فوڈاتھارٹی نے بتایاکہ ڈیری فارمز کے لیے سرٹیفکیشن، لائسنسنگ ،ٹریننگ اور رجسٹریشن لازمی ہو گی اور دودھ کیلئے جانور پالنے والے کسانوں کو جدید ڈیری فارمنگ کے طریقوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا دودھ کی زیادہ پیداوار، محفوظ ترسیل،طلب و رسد کا فرق ختم کرنے ،ملاوٹ کی روک تھام کے لیے بین الاقوامی طرز پر پالیسی بنائی جائے گی انہوں نے کہاکہ پاکستان کا شمار دنیا میں زیادہ دودھ پیدا کرنیوالے ممالک میں ہوتا ہے دودھ کی پیداوار بڑھانے کے لیے شارٹ اور لانگ ٹرم پالیسیاں تیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

جانور کی حفاظت، نسلی افزائش میں جدت لانے کے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔متعین کردہ اصولوں کے مطابق دودھ کی پیداوار سے لے کر ترسیل تک کڑی نگرانی کی جائے گی، کمیٹی ایک ماہ میں سفارشات ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کو پیش کرے گی کمیٹی کا مقصد دودھ کی کوالٹی اور فوڈ سیفٹی کے عالمی معیار کو یقینی بنانا ہے معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی مسلسل کوشاں ہے۔