آسٹریلیا کا جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں شکست کے بعد ناپسندیدہ ریکارڈ

ہفتہ 23 اگست 2025 16:17

آسٹریلیا کا جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں شکست کے بعد ناپسندیدہ ریکارڈ
سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء)آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز میں شکست کے بعد ناپسندیدہ ریکارڈ بنا دیا۔آسٹریلیا کو جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں 84 رنز سے شکست ہوئی اور ان کے نام ایک ناپسندیدہ ریکارڈ درج ہوگیا۔جنوبی افریقا کے خلاف آسٹریلیا کی ٹیم تین میچوں کی سیریز کا آخری میچ کھیلے گی۔

یہ آسٹریلیا کی ون ڈے سیریز میں مسلسل تیسری شکست تھی، چھ بار کی چیمپئن ٹیم 2019 کے بعد سے مسلسل تین دو طرفہ ون ڈے سیریز جیتنے میں ناکام رہی ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال نومبر میں آسٹریلیا کو پاکستان کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں 2-1 سے شکست ہوئی تھی۔رواں سال فروری میں سری لنکا سے دو میچوں کی سیریز میں بھی کینگروز کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔آسٹریلیا نے آخری مرتبہ ون ڈے سیریز ستمبر 2024 میں انگلینڈ کو 3-2 سے شکست دے کر جیتی تھی، اس کے علاوہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوران ایک ون ڈے میچ لاہور میں جیتا تھا اور انگلینڈ ہی کو شکست دی تھی۔

واضح رہے کہ دوسری ون ڈے میچ میں جنوبی افریقا کی جانب سے دیے گئے 277 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم 37.4 اوورز میں 193 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پروٹیز کو تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی۔