شمالی کوریا کی امریکا اور جنوبی کوریا کے درمیان جاری مشترکہ فوجی مشق کی مذمت

ہفتہ 23 اگست 2025 16:57

پیانگ یانگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) شمالی کوریا نے امریکا اور جنوبی کوریا کے درمیان جاری بڑے پیمانے پر مشترکہ فوجی مشق کی مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی اشتعال انگیزقرار دیا ۔شنہوا کے مطابق کورین پیپلز آرمی کے جنرل سٹاف کےترجمان نے دونوں ممالک کو کوریائی جزیرہ نما میں امن کو نقصان پہنچانے کا اصل مجرم قرار دیا ۔

انہوں نے بیان میں کہا کہ الچی فریڈم شیلڈ مشق انتہائی اشتعال انگیز اور جارحانہ فوجی مشق ہے جس کا مقصد دراصل شمالی کوریا پر اچانک حملہ کرنا ہے۔ترجمان نے اس مشق کی سنگینی اور خطرے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور جنوبی کوریا کی یہ جنگی مشق شمالی کوریا کے سکیورٹی ماحول کو شدید خطرے سے دوچار کر رہی ہے اور کوریائی جزیرہ نما اور خطے میں صورتِ حال کو انتہائی کشیدہ بنا رہی ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا کہ کچھ برطانوی جنگی جہاز، جو بحرالکاہل میں ایک مشترکہ بحری مشق میں شریک تھے، جنوبی کوریا کے بوسان آپریشنل بیس میں داخل ہو گئے اور "اقوام متحدہ کمان" کے رکن ممالک کی دیگر افواج بھی اس فوجی مشق میں شامل ہو گئیں، جس سے یہ ایک کثیر القومی فوجی مشق بن گئی اور اس سےشمالی کوریا کو لاحق فوجی خطرات دوگنے ہو گئے۔ترجمان نے مزید کہا کہ شمالی کوریا کی فوج اپنی مکمل تیاری کو مزید مضبوط کرے گی اور ملک کی سلامتی کو براہِ راست خطرہ پہنچانے والی دشمن قوتوں کی فوجی اشتعال انگیزی کا جواب خود دفاع کے حق کے مناسب اور بلا امتیاز استعمال سے دے گی۔