سرگودھا میں الیکٹرک بسوں کے اجراء کے لیے اقدامات تیزی سے جاری ہیں، سیکرٹری آر ٹی اے ملک محمد طاہر

ہفتہ 23 اگست 2025 17:56

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سرگودھا ملک محمد طاہر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع سرگودہا میں الیکٹرک بسوں کے اجراء کے لیے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں نسپاک اور پی ٹی سی کی ٹیم نے الیکٹرک چارجر کی تنصیب کے لیے دورہ بھی کیا ہے۔

۔ملک محمد طاہر نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 48 الیکٹرک بسیں سرگودہا شہر سے تمام چھ تحصیلوں کے لیے چلائی جائیں گی۔ بس سروس صبح 6 بجے سے رات 10 بجےتک دستیاب ہوگی جبکہ کرایہ موجودہ کرایے کے مقابلے میں نصف رکھا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کم لاگت، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی طور پر جنرل بس اسٹینڈ پر عارضی الیکٹرک چارجر نصب کیا جا رہا ہے جہاں سے الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی بعد ازاں لاہور روڈ پر مستقل سائٹ کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے جہاں 4 ہزار کے وی کا جدید بجلی سسٹم نصب کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں الیکٹرک بس سروس کو مزید موثر اور پائیدار بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر روٹ پر سٹیٹ آف دی آرٹ بس اسٹاپ بھی بنائے جائیں گے۔ سیکرٹری آر ٹی اے نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد سرگودہا کے عوام کو جدید، ماحول دوست اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔