کراچی: اے وی ایل سی اہلکاروں پر ڈکیتی اور بزرگ شہری کے شارٹ ٹرم اغوا کا الزام

معاملے کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ دار اہلکاروں کو کڑی سزا دی جائے اور لوٹی گئی رقم واپس دلوائی جائے،متاثرہ شہری کی اپیل

ہفتہ 23 اگست 2025 18:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء) لائنز ایریا کے رہائشی اور طالب علم بلاول نے اے وی ایل سی اہلکاروں پر ڈکیتی اور بزرگ والد کے اغوا کا الزام لگاتے ہوئے آئی جی سندھ سے انصاف کی اپیل کردی۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں اے وی ایل سی (اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل)اہلکاروں پر ڈکیتی اور ایک بزرگ شہری کے شارٹ ٹرم اغوا کا سنگین الزام سامنے آیا ہے، لائنز ایریا کے رہائشی اور طالب علم بلاول نے آئی جی سندھ سے انصاف کی اپیل کی ہے۔

طالب علم بلاول نے بتایا یہ واقعہ 19 اگست کی رات پیش آیا، جب سی آئی اے کی دو موبائلیں ان کی دکان پر پہنچیں اور اہلکاروں نے ان کے والد نور احمد کو ہراساں کرتے ہوئے جنرل اسٹور کی تلاشی شروع کردی۔لائنز ایریا کے رہائشی کا کہنا تھا کہ اہلکار مبینہ طور پر اسٹور کے دوسرے حصے کا تالا توڑ کر اندر داخل ہوئے اور وہاں رکھے گئے 11 لاکھ 9 ہزار روپے اپنے ساتھ لے گئے۔

(جاری ہے)

بلاول نے الزام لگایا کہ اہلکار نقدی لوٹنے کے بعد دکان میں نصب کیمرے بھی اکھاڑ کر ساتھ لے گئے۔طالب علم نے بیان میں کہا کہ اہلکار والد نور احمد کو پولیس موبائل میں بٹھا کر ساتھ لے گئے، جس کے بعد دو سے تین روز تک ان کا کوئی پتہ نہیں چلا، اہلخانہ والد کو تلاش کرتے رہے لیکن تیسرے دن رات کو انہیں اجمیر نگری تھانے بلا کر واپس کیا گیا۔لائنز ایریا کے رہائشی کا کہنا تھا کہ اہلکاروں نے اسٹور میں موجود کاغذات واپس کردیئے تاہم لوٹی گئی رقم واپس نہیں کی۔ جب رقم کا مطالبہ کیا گیا تو اہلکاروں نے گالیاں دیں اور دھمکیاں دیں۔طالب علم نے آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ دار اہلکاروں کو کڑی سزا دی جائے اور لوٹی گئی رقم واپس دلوائی جائے۔