جہلم ویلی میں شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی کے دو مختلف واقعات میں دو رہائشی مکانات،سامان سمیت جل کر خاکستر

ہفتہ 23 اگست 2025 22:19

چناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2025ء)جہلم ویلی میں شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی کے دو مختلف واقعات میں دو رہائشی مکانات،سامان سمیت جل کر خاکستر ہو گئے،ایک رہائشی مکان جزوی طور پر متاثر،کروڑوں روپے مالیت کا نقصان۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی کا پہلا واقعہ یونین کونسل پاہل میں پیش آیا جہاں ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ داخلہ پاکستان/آفیسر انچارج ریجنل پاسپورٹ آفس جہلم ویلی راشد محموداعوان ولد محمد عاشق اعوان کا آبائی دو منزلہ مکان،نقدی رقم،زیورات،گھریلو سامان سمیت جل کرراکھ ہوگیا،مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پرقابو پانے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہ ہو پائے،پاہل آتشزدگی واقعہ میں ایک اور رہائشی مکان جزوی طور پر متاثر ہوا،ریسکیو1122ہٹیاں بالا کی گاڑیاں حسب سابق سب کچھ جل جانے کے بعد پاہل پہنچیں،آتشزدگی کا دوسرا واقعہ شاریاں میں پیش آیا،جہاں پر بھی شارٹ سرکٹ کے باعث مقبول حسین اعوان ولد عبدالطیف کامکان شارٹ سرکٹ کے باعث سمیت جل کر خاکستر ہو گیا،مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے دیکھتے ہی دیکھتے رہائشی گھر جل کر راکھ میں تبدیل ہو گیا،عوامی حلقوں نے انچارج پاسپورٹ آفس ہٹیاں بالا راشد محمود اعوان،ان کے والد عاشق حسین اعوان اور شاریاں میں آتشزدگی کے باعث گھر سے محروم ہونے والے مقبول اعوان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق،وزیرتعلیم دیوان علی خان چغتائی،چیف سیکرٹری،کمشنر مظفرآباد،ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی سے مطالبہ کیا ہے کہ راشد محمود اعوان اور مقبول اعوان کو دوبارہ گھر وں کی تعمیر کے لیے معقول معاوضہ فراہم کیاجائے،تانکہ دونوں متاثرین اپنے گھروں کی تعمیر با آسانی اور بروقت کر پائیں،عوامی حلقوں نے چناری،چکوٹھی،گوجربانڈی،پاہل،شاریاں اور گردونواح میں بھی فائر برگیڈاور ایمبولینس گاڑیاں فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تانکہ ناگہانی صورتحال میں عوام کو سہولت میسر آئے اور کم سے کم نقصان ہو ۔