وزیراعظم لون پروگرام کی شفاف انداز میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے، پروفیسرتقدیس گیلانی

ہفتہ 23 اگست 2025 20:00

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) آزاد کشمیر کی وزیر سمال انڈسٹریز، ٹریڈ اینڈ ٹریول اتھارٹی پروفیسرتقدیس گیلانی کی زیر صدارت محکمانہ جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف محکمانہ امور، وزیراعظم لون پیکج، بجٹ اور دیگر امور زیر غور لائے گئے۔ اس موقع پر سیکرٹری انڈسٹریز چوہدری عبدالرحمٰن، مینجنگ ڈائریکٹر سمال انڈسٹریز ذیشان عارف، ڈائریکٹر سمال انڈسٹریز وحید مغل و دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر سمال انڈسٹریز پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا کہ وزیراعظم لون پروگرام کی شفاف انداز میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ اس پروگرام سے اہل افراد کو مستفید ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ سمیت محکمہ کی تمام ضروریات پوری کریں گے۔ محکمہ کے ملازمین محنت اور دیانتداری سے کام کریں۔ پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا کہ پورے سال کا ورکنگ پلان تیار کرتے ہوئے اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، لون پروگرام کے حوالہ سے ریگولر بنیادوں پر پراگراس کا جائزہ لیا جائے گا۔